چین میں ایک طالبہ کو سخت محنت کی ایک مثال قرار دیا جارہا ہے جس کی وجہ اس کی ایک ویڈیو وائرل ہونا ہے۔

چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک طالبہ ممکنہ طور پر یونیورسٹی نوٹس کے ڈھیڑ کے سامنے بیٹھی ہے اور ایک بڑی لائٹ اس کے بالوں میں پھنسی روشن ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو ویبو پر 12 نومبر کو شمالی صوبے ہبئی کی ایک یونیورسٹی سے پوسٹ کی گئی تھی۔

اس طالبہ کی یہ ویڈیو اس کے ساتھیوں نے بنائی تھی جو رات گئے پڑھائی کررہے تھے جب لائٹ بند ہوگئی۔

اس طالبہ نے اپنے ایک دوست سے فلورسینٹ لائٹ لی اور اسے بالوں میں پھنسا کر آن کیا تاکہ اپنی پڑھائی کا سلسلہ جاری رکھ سکے۔

رپورٹ کے مطابق یہ طالبہ چین کے سالانہ یونیفائیڈ گریجویٹ انٹرنس امتحان کی تیاری کررہی تھی، یہ چین میں ماسٹر پروگرام میں داخلے کا امتحان ہوتا ہے۔

یہ ویڈیو ویبو پر وائرل ہوکر بحث کا موضوع بن گئی جبکہ اسے 14 نومبر تک 29 کروڑ بار دیکھا جاچکا تھا۔

اس ویڈیو پر ہزاروں تھریڈز بنی جہاں لوگوں نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب چین میں کوئی طالبعلم اس طرح سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہو۔

2020 میں بھی بیجنگ کی ایک یونیورسٹی کے طالبعلم کی تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ بائیک پر سفر کے دوران لیپ ٹاپ پر پڑھائی کررہا تھا۔

چین میں ایک تخمینے کے مطابق 37 لاکھ سے زیادہ طالبعلموں نے 2021 کے گریجویٹ پروگرام کے انٹرنس امتحان میں شرکت کریں گے جو دسمبر کے وسط میں ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں