بابر اعظم نے گوگل پر سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دے دیے

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2021
بابر اعطم نے جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کو اپنا آئیڈیل قرار دیا — فوٹو: ڈان نیوز
بابر اعطم نے جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کو اپنا آئیڈیل قرار دیا — فوٹو: ڈان نیوز

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی عمدہ کارکردگی اور بہترین قیادت کی بدولت پوری قوم کے دل میں بستے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کرکٹ شائقین اپنے اس پسندیدہ کرکٹر کی ذاتی زندگی کے بارے میں سب کچھ جاننے کے خواہاں ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں 27 سالہ کرکٹر نے گوگل پر اپنے متعلق پوچھے جانے والے چند اہم اور دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔

اس سلسلے میں گوگل پر سب سے زیادہ یہ سوال کیا جاتا ہے کہ آپ کس شہر میں رہتے ہیں جس پر بابر نے جواب دیا کہ وہ لاہور میں رہتے ہیں جہاں کے کھانے انتہائی مزیدار ہیں اور اس شہر نے چند انتہائی اہم اور مشہور کرکٹرز اور کھیلوں کی شخصیات کو جنم دیا ہے۔

اگلے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ گرے نکولس کا بَلا استعمال کرتے ہیں اور وہ مختلف مقامات پر مختلف وزن کے بلوں کا استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ساتھ 6 سے 7 بلے لے کر سفر کرتا ہوں، جتنے زیادہ بلے رکھتا ہوں اتنا ہی کنفیوژ ہوتا ہوں لیکن اپنا سب سے بہترین بلا استعمال کرتا ہوں۔

ان سے گوگل پر پوچھا جانے والا ایک اور سوال یہ بھی تھا کہ وہ کتنا کماتے ہیں لیکن مایہ ناز بلے باز نے کہا کہ میں اس سوال کا جواب نہیں دوں گا البتہ میں آپ کی توقعات سے کم ہی کماتا ہوں۔

شائقین کی جانب سے بابر سے چوتھا سب سے زیادہ پوچھے جانے والا سوال یہ ہے کہ وہ شادی کب کریں گے تو انہوں نے پنجابی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ تو مینوں وی نہیں پتا، یہ میرے گھر والوں کو پتہ ہے اور اس وقت میری توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے‘۔

بابر نے آخری سوال کے جواب میں مایہ ناز جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کو اپنا پسندیدہ ترین بلے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ شروع سے ہی ان کو فالو کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی ویلیئرز اپنے دور کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ہر شعبے میں اپنے آپ کو ثابت کیا۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 303 رنز بنانے والے بابر اس وقت کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں عالمی نمبر ایک بلے باز ہیں۔

انہیں عمدہ کارکردگی پر ناصرف ٹی20 ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا بلکہ اس کا کپتان بھی مقرر کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں