سعودی عرب کے تیل سمیت مالی پیکیج بحالی کی سمری منظور

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2021
وزیراعظم کی منظوری کے بعد سمری کابینہ میں پیش کی گئی تھی—فائل/فوٹو:پی پی آئی
وزیراعظم کی منظوری کے بعد سمری کابینہ میں پیش کی گئی تھی—فائل/فوٹو:پی پی آئی

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ملنے والے 3 ارب ڈالر اور 1.2 ارب ڈالر مالیت کے تیل کی سہولت کے پیکیج بحالی کی سمری کی کابینہ نے منظوری دے دی۔

خزانہ ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری میں نشان دہی کی گئی تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کی تیاری کے بعد جانچ پڑتال کی گئی اور وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آف پاکستان کے دفتر سے سمری کلیئر ہونے کے بعد وزیراعظم کو بھیج دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب تیل کی خریداری کے لیے پاکستان کو 3.6 ارب ڈالر دے گا، وزیر خزانہ

ڈان ڈاٹ کام کو دستیاب سمری کی کاپی میں کہا گیا کہ ‘ایکسچینج ریٹ کے حوالے سے موجودہ دباؤ فوری طور پر کم کرنے کے لیے’ وزیراعظم اس کو کابینہ کے سامنے رکھنے کی منظوری دے دیں۔

سمری میں کہا گیا کہ ایک سالہ معاہدے سے سالانہ 4 فیصد منافع ہوگا۔

معاشی امور کی وزارت کی جانب سے ایک اور سمری پیش کی گئی جو ایک سال کے لیے 10 کروڑ ڈالر مالیت کی تیل کی سہولت سے متعلق تھی۔

مذکورہ سمری میں کہا گیا تھا کہ باہمی رضامندی سے ایک سال کی توسیع دی جاسکتی ہے، جس میں 3.80 فیصد مارجن کے ساتھ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ(ایس ایف ڈی) سے خریداری قیمت سمیت دیگر شرائط کی نشان دہی کی گئی ہے۔

وزیرمعاشی امور عمر ایوب خان کو سمری وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔

بعد ازاں کابینہ نے دونوں سمریوں کی منظوری دے دی اور ڈان نیوز کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اس کی تصدیق کردی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران کی جانب سے اکتوبر میں دورہ سعودی عرب کے موقع پر مالی پیکیج کی فراہمی اور تیلی کی سہولت دینے کے معاہدے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

رواں ہفتے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر ٹرانسفر کے حوالے سے تمام قانونی معاملات طے پاگئے ہیں اور یہ ڈالر رواں ہفتے پاکستان کو مل جائیں گے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ سعودی عرب نے تیل خریدنے کے لیے پاکستان کو 3.6 ارب ڈالر فراہم کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب سے سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کے تیل کی سہولت دستیاب ہوگئی، حکومت

انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب حکومت پاکستان کو یہ رقم ماہانہ بنیادوں پر فراہم کرے گا، دو سال کے دوران سعودی حکومت پاکستان کو ماہانہ 15کروڑ ڈالر فراہم کرے گی اور یہ رقم پاکستان صرف تیل کی خریداری کے لیے استعمال کر سکے گا۔

اس سے قبل انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران بتایا تھا کہ سعودی عرب سے تیل کی فراہمی کا معاہدہ تکمیل کے قریب ہے اور دوست ملک موخر ادائیگیوں پر تیل فراہم کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں