پنجاب کا سنگل فیز نیٹ میٹرنگ کیلئے نیپرا سے رجوع کرنے کا فیصلہ

29 نومبر 2021
انہوں نے کہا کہ حکومت اس نظام کو 25 سو بنیادی صحت یونٹس تک بڑھانا چاہتی ہے۔
—فوٹو: شازیہ حسن
انہوں نے کہا کہ حکومت اس نظام کو 25 سو بنیادی صحت یونٹس تک بڑھانا چاہتی ہے۔ —فوٹو: شازیہ حسن

لاہور: پنجاب حکومت نے بجلی کے سنگل فیز میٹروں کے بجائے سولر نیٹ میٹرنگ سسٹم لگوانے والے خواہش مند صارفین کے لیے جنریشن لائسنز کے اجرا کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اگر اتھارٹی اس تجویز کو قبول کرتی ہے، تو وہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو صارفین سے درخواستوں پر کارروائی کرنے اور لائسنس کے اجرا کے لیے نیپرا کو اجازت دے گی۔

محکمہ توانائی کے ڈائریکٹر (ٹیکنیکل / پاور) محمد یاسین نے بتایا کہ چونکہ تھری فیز میٹر رکھنے والے صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ دستیاب ہے، اس لیے پنجاب حکومت (محکمہ توانائی) جلد ہی نیپرا کو ایک تفصیلی تجویز پر مبنی مراسلہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو ارسال کرے گی تاکہ سنگل فیز میٹر رکھنے والے صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ کی اجازت مل سکے۔

سولر نیٹ میٹرنگ تھری فیز میٹر کنکشن رکھنے والے گھریلو، تجارتی یا صنعتی صارفین کو اپنے (گھر، دکان، فیکٹری، اسکول، سرکاری محکموں، کھلی جگہوں وغیرہ) پر پینل لگا کر بجلی پیدا کرنے کے نظام کا حصہ بننے کی اجازت دیتی ہے۔

ایسے صارف اضافی توانائی متعلقہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی (ڈیسکو) کو فروخت کرسکتے ہیں۔

چونکہ یہ نظام صارفین کو ایک کلوواٹ سے ایک میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی اجازت دیتا ہے، اس لیے نیپرا درخواست دہندگان کو ڈسکوز کی درخواستوں کی وصولی، جانچ پڑتال اور کارروائی کے بعد لائسنس جاری کرتا ہے۔

محمد یاسین نے کہا کہ نیپرا کے ساتھ معاملہ اٹھانے کا فیصلہ محکمہ توانائی کی جانب سے صوبے بھر کے 11 ہزار اسکولوں میں سولر سسٹم لگانے کے بعد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس نظام کو 25 سو بنیادی صحت یونٹس تک بڑھانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر اسکولوں (80 فیصد) میں سنگل فیز میٹر ہیں، ’ضرورت اس وقت پیدا ہوئی جب ہم نے سوچنا شروع کیا کہ گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیوں میں یا اسکول کے اوقات کے بعد ان اسکولوں کی شمسی توانائی کو قومی گرڈ میں کیسے بچایا جائے اور فروخت کیا جائے‘۔

انہوں نے وضاحت کی کہ نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز-2015 کے تحت صرف تھری فیز میٹر رکھنے والوں کو ہی نیٹ میٹرنگ جنریشن لائسنس دیے جا سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم نے نیپرا کے ساتھ معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد یاسین نے کہا کہ اگر نیپرا نے اس تجویز کی منظوری دی تو ملک بھر میں سنگل فیز میٹر رکھنے والے تمام صارفین نیٹ میٹرنگ کے لیے درخواست دینے کے اہل ہو جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضوابط کے تحت نیٹ میٹرنگ لائسنس صرف شمسی اور ہوا سے چلنے والی توانائی کے لیے جاری کیا جا سکتا ہے۔

محمد یاسین نے کہا کہ تمام اسکولوں کو نیٹ میٹرنگ پر رکھنے کے بعد ہم قومی گرڈ کو اضافی توانائی فروخت کرنے کے لیے اس صاف توانائی کے نظام کو ڈھائی ہزار بی ایچ یو میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں