بھارتی نژاد کیوی اسپنر اعجاز پٹیل نے بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک ہی اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا اور یہ کارنامہ سرانجام دینے والے وہ دنیا کے تیسرے باؤلر بن گئے۔

ممبئی کے وینکھڈے اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل جاری ہے اور کھانے کے وقفے کے بعد اعجاز پٹیل نے محمد سراج کی وکٹ حاصل کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے 10 وکٹیں حاصل کرنے کے لیے 119 رنز دیے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز بارش کی وجہ سے متاثر ہوا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی اننگز کا آغاز تو بہت اچھا رہا اور 80 رنز تک کوئی کھلاڑی بھی آؤٹ نہیں ہوا تھا مگر پھر اعجاز پٹیل کا جادو چلا اور انہوں نے 80 رنز پر ہی 3 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھادی۔ یہاں اہم بات یہ رہی کہ چیتیشور پجارا اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے۔

لیکن پھر مایانک اگروال اور شہریار ایئر نے ٹیم کو سہارا دیا اور چوتھی وکٹ کے لیے مزید 80 رنز کی شراکت داری قائم کی، لیکن دن کے آخر میں اعجاز پٹیل نے شہریار ایئر کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی مشکلات میں کچھ کمی کی۔

مگر میچ کے دوسرے دن کا آغاز بالکل وہیں سے شروع ہوا جہاں پہلے دن کا ختم ہوا تھا۔ پہلی مرتبہ بھارت میں ٹیسٹ کھیلنے والے 33 سالہ اعجاز پٹیل بھارتی بیٹنگ لائن کے لیے خطرہ بنے رہے اور وہ وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔ اس دوران اگروال نے اپنے 150 رنز مکمل تو ضرور کیے لیکن وہ بالآخر اعجاز پٹیل کا ہی شکار ہوئے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ کی ایک ہی اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انگلینڈ کے جم لیکر اور بھارت کے انیل کمبلے نے انجام دیا تھا۔

جم لیکر نے 1956ء میں آسٹریلیا کے خلاف پہلی مرتبہ یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ انہوں نے اولڈ ٹریفرڈ کے مقام پر محض 53 رنز دیکر پوری آسٹریلوی ٹیم کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ ان کے بعد بھارتی اسپنر انیل کمبلے نے 1998ء میں نئی دہلی کے میدان پر پاکستان کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا اور انہوں نے 74 رنز دے کر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں