بیٹے کی شادی کی تقریب میں مریم نواز کی گلوکاری کی ویڈیو وائرل

06 دسمبر 2021
تقریب کا اہتمام حمزہ شریف نے کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
تقریب کا اہتمام حمزہ شریف نے کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے بیٹے محمد جنید صفدر کی شادی کی ایک تقریب میں گلوکاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز کے صاحبزادے کا نکاح رواں برس اگست میں لندن میں احتساب بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمٰن کی صاحبزادی عائشہ رحمٰن سے ہوا تھا۔

نکاح کے چند ماہ بعد گزشتہ شب مریم نواز کے کزن حمزہ شہباز شریف نے جنید صفدر کی شادی کی ایک تقریب میں منعقد کی، جس میں دونوں خاندان کے افراد کے علاوہ ن لیگ کے اہم سیاستدانوں نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: جنید صفدر کا ولیمہ دسمبر میں لاہور میں ہونے کا امکان

لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی تقریب میں حمزہ شہباز نے بھی گانے گائے جب کہ مریم نواز نے بھی تقریب کے دوران گلوکاری کے جوہر دکھائے۔

حمزہ شہباز نے ’ہمیں تم سے پیار ہے کتنا، ہم نہیں جانتے‘ اور ’چاندنی رات‘ کو گاکر محفل لوٹی اور ان کی گلوکاری کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے حمزہ شہباز کی گلوکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ گلوکاری کے معاملے میں بھی وہ خاندان کے دیگر افراد پر گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب آئندہ ماہ ہوگی

شادی کی تقریب کے دوران مریم نواز کی جانب سے بھی گانا گانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگوں نے ان کی آواز کو سراہا۔

مریم نواز نے ’تم دینا ساتھ میرا، او میرے ہمنوا‘ گانا گایا، تاہم ان کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں ان کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔

شادی کی تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں مریم اورنگزیب سمیت ن لیگ کے دیگر رہنماؤں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ن لیگ نے تصدیق کی ہے کہ جنید صفدر کی شادی کی استقبالیہ تقریب 14 دسمبر کو اسلام آباد جب کہ ولیمے کی تقریب 17 دسمبر کو لاہور میں ہوگی۔

اس حوالے سے چند دن قبل جنید صفدر نے انسٹاگرام پر ولیمے کا دعوت نامہ شیئر کیا تھا، جس میں ان کی اہلیہ کے ہمراہ تصویر موجود تھی اور اس پر 17 دسمبر 2021 کی تاریخ درج تھی۔

جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کا نکاح لندن میں اگست میں ہوا تھا، عائشہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی سیف الرحمن خان کی بیٹی ہیں، جو 1997 میں احتساب بیورو کے چیئرمین رہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں