’گریمی‘ انتظامیہ نے مجھے نامزد کرکے تاریخ رقم کی، عروج آفتاب

07 دسمبر 2021
عروج آفتاب کو دو کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے—فوٹو: لاس اینجلس ٹائمز
عروج آفتاب کو دو کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے—فوٹو: لاس اینجلس ٹائمز

موسیقی کے لیے دیے جانے والے دنیا کے اعلیٰ ترین ’گریمی ایوارڈز‘ کے لیے نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ 36 سالہ عروج آفتاب نے کہا ہے کہ ان کی نامزدگی سے ’گریمی‘ کی تاریخ ہی تبدیل ہوگئی۔

’لاس اینجلس ٹائمز‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں عروج آفتاب نے اپنی نامزدگیوں پر تعجب کا اظہار بھی کیا، کیوں کہ ان کے مطابق ان کے زیادہ تر مقبول گانے اردو شاعری پر مبنی ہیں۔

امریکی اخبار سے بات کرتے ہوئے عروج آفتاب نے کہا کہ انہوں نے موسیقی کو اتنا وقت دیا ہے کہ اب وہ دوسری جانب جا نہیں سکتیں اور انہیں نامزد کرکے ’گریمی‘ انتظامیہ نے نئی تاریخ رقم کی۔

گلوکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ عین ممکن ہے کہ گریمی انتظامیہ نے انہیں انجانے میں ازدخود ہی یہ سمجھ کر نامزد کیا ہو کہ ان کی موسیقی باقیوں کی طرح مغربی دنیا کی ہے مگر ساتھ ہی کہا کہ انہیں نامزد کرکے انتظامیہ نے تاریخ ہی بدل دی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب ’گریمی ایوارڈز‘ کے لیے نامزد

عروج آفتاب نے بتایا کہ ان کی موسیقی میں ذاتی درد اور مسائل کی جھلکیاں ہیں، ان کے پہلے ایلبم ’ولچر پرنسز‘ کے گانوں میں ان کی سہیلی اور نوجوان بھائی کی اچانک موت کا درد بھی شامل ہے۔

عروج آفتاب نے اپنے آباؤ و اجداد یعنی مرزا غالب، رومی اور حفیظ ہوشیارپوری جیسے شاعروں کی شاعری کو ناقابل یقین حد تک کلاسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ ان کی شاعری کو جدید انداز میں پیش کریں۔

عروج آفتاب پاکستانی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والے والدین کے ہاں سعودی عرب میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے زندگی کے ابتدائی ایام سعودی عرب و پاکستان میں گزارے۔

بعد ازاں وہ کم عمری میں ہی اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا چلی گئیں، جہاں انہوں نے فیلوشپ پر موسیقی کی تعلیم حاصل کی اور گزشتہ 15 سال سے وہ نیویارک میں مقیم ہیں۔

مزید پڑھیں: عروج آفتاب کی ’گریمی ایوارڈز‘ نامزدگیوں پر شوبز شخصیات خوش

انہوں نے اپنا پہلا ایلبم ’ولچر پرنسز‘ بھی امریکی موسیقاروں اور ساتھیوں کی مدد سے رواں برس ہی ریلیز کیا تھا۔

ان کے گانے ’محبت‘ کو گریمی ایوارڈز میں نامزدگیاں ملیں، انہیں 64 ویں سالانہ ایوارڈز کے لیے دو ’بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس‘ اور ’بیسٹ نیو آرٹسٹ‘ کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

سال 2022 میں ’گریمی‘ کی 64 ویں سالانہ تقریب ہوگی، جس کے لیے نامزدگیوں کا اعلان 23 نومبر کو کیا گیا، ایوارڈز تقریب جنوری 2022 کے اختتام پر امریکا میں ہوگی۔

رواں سال ایوارڈز کے لیے 86 کیٹیگریز میں نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا، جس میں پہلی بار کسی پاکستانی گلوکارہ کو نامزد کیا گیا اور ان کا مقابلہ عالمی سطح کے گلوکاروں سے ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں