رئیل می اپنا پہلا حقیقی فلیگ شپ فون 9 دسمبر کو پیش کرے گی

07 دسمبر 2021
رئیل می کے فلیگ شپ فون کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ 91 موبائلز
رئیل می کے فلیگ شپ فون کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ 91 موبائلز

رئیل می بہت تیزی سے مقبول ہونے والی کمپنی ہے جو کم قیمت میں کافی بہترین فیچرز والے فونز فروخت کرتی ہے مگر اس نے ایسا کوئی فلیگ شپ فون پیش نہیں کیا تھا جو سام سنگ اور ویوو کی ٹکر کا ہو، مگر بہت جلد ایسا نہیں رہے گا۔

چینی کمپنی کی جانب سے سال کا اختتام پہلے حقیقی فلیگ شپ فون جی ٹی 2 پرو کے ساتھ کیا جارہا ہے۔

یہ کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر سے لیس اس کمپنی کا پہلا فون ہوگا اور اسے 9 دسمبر کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

رئیل می نے جی ٹی 2 پرو کی تاریخ رونائی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں کوالکوم کا نیا فلیگ شپ پراسیسر ہوگا۔

یعنی رئیل می موٹرولا کے موٹو ایج ایکس 30 کے ساتھ ہی اس پراسیسر سے لیس فون پیش کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ اسے استعمال کرنے والی دنیا کی پہلی کمپنی کا اعزاز اپنے نام کرسکے۔

رئیل می جی ٹی 2 پرو میں 6.8 انچ کی 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والی اسکرین کواڈ ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ ہوگی۔

فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 125 واٹ کی حیران کن فاسٹ چارجنگ سپورٹ دیئے جانے کا امکان ہے۔

جی ٹی 2 پرو میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا اور بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہوگا جن میں سے 2 سنسرز 50 میگاپکسل والے ہوں گے جبکہ تیسرا 8 میگا پکسل کیمرا ہوگا۔

فنگر پرنٹ اسکینر بھی ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا جبکہ 12 جی بی تک ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن ہوں گے۔

اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج رئیل می یو آئی 3.0 سے کیا جائے گا اور یہ کمپنی کا اب تک مہنگا ترین فون بھی ہوگا۔

اس فون کی قیمت 800 ڈالرز (ایک لاکھ 41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک ہوسکتی ہے۔

اب تک کمپنی کی جانب سے ڈوئل فلیگ شپ حکمت عملی پر عمل کیا جارہا ہے یعنی ہائی اینڈ پراسیسر اور بہترین کیمرا فونز کو الگ الگ پیش کیا جاتا ہے۔

ابھی رئیل می جی ٹی کی قیمت 2500 یوآن ہے جبکہ اب تک کمپنی کا سب سے مہنگا ایکس 50 پرو جی ہے جو 3600 یوآن کا تھا۔

کمپنی کی جانب سے حقیقی فلیگ شپ فون متعارف کرانے کا مقصد ہواوے کے مارکیٹ شیئر میں حصہ حاصل کرنا ہے، شیاؤمی، اوپو اور ویوو پہلے ہی ایسا کرچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں