وکی کوشل و کترینہ کیف نے شادی پر کتنے کروڑ خرچ کیے؟

10 دسمبر 2021
دونوں نے 9 دسمبر کو شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 9 دسمبر کو شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ’بار بی ڈول‘ کترینہ کیف نے 9 دسمبر کو وکی کوشل سے ہندو رسومات کے تحت شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا اور دونوں نے زندگی کے اہم ترین دن پر کروڑوں روپے خرچ کیے۔

دونوں نے ریاست راجستھان کے 700 سالہ قدیم اور تاریخی ’سکس سینز ریزورٹ’ میں شادی کی، جہاں پر کمرے کا ایک رات کا کرایہ ساڑھے 6 لاکھ روپے تک ہے۔

شوبز ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ نے اپنی رپورٹ میں دوسری شوبز ویب سائٹس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے شادی پر دل کھول کر خرچ کیا، تاہم اس کے باوجود وہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی سمیت دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کو اخراجات میں پیچھے نہ چھوڑ سکے۔

دونوں نے ہندو رسومات کے تحت شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے ہندو رسومات کے تحت شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوں کہ دونوں نے بھارت میں شادی کی، جہاں پر یورپی ممالک سمیت بیرون ممالک کی نسبت اخراجات کم آتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی شادی کے اخراجات دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی سے بھی کم رہے۔

یہ بھی پڑھیں: وکی کوشل و کترینہ کیف کی شادی کے لیے مہمانوں کی آمد

دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے نومبر 2018 میں یورپی ملک اٹلی میں شادی کی تھی اور ان کی شادی پر 77 کروڑ روپے کے اخراجات آئے تھے۔

ہندو رسومات کے تحت شادی کرنے سے قبل دونوں نے کورٹ میرج بھی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
ہندو رسومات کے تحت شادی کرنے سے قبل دونوں نے کورٹ میرج بھی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

ان سے قبل انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے بھی دسمبر 2017 میں اٹلی میں شادی کی اور ان کی شادی پر پورے 100 کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے۔

اسی طرح اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس نے دسمبر 2018 میں اپنی شادی پر 4 کروڑ 70 لاکھ کے اخراجات کیے تھے اور ان کی شادی بھی راجستھان کے ضلع جودھپور کے تاریخی و پرتعیش مقام پر ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: وکی کوشل و کترینہ کیف کی شادی کی تقریبات شروع، بھارتی میڈیا

ان کی طرح کترینہ کیف اور وکی کوشل نے بھی راجستھان کے ضلع سوائی مدھوپور کے پرتعیش ’سکس سینز ریزورٹ‘ میں شادی کی اور دونوں نے زندگی کے سب سے اہم ترین دن پر محض 4 کروڑ روپے خرچ کیے۔

دونوں نے شادی کرنے کے بعد ہی تصاویر شیئر کیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے شادی کرنے کے بعد ہی تصاویر شیئر کیں—فوٹو: انسٹاگرام

’کوئی موئی‘ کے مطابق کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی تقریبات میں صرف 120 مہمانوں نے شرکت کی اور ان کی تقریبات تین دن تک جاری رہیں، جس وجہ سے ان کے اخراجات کم آئے۔

دوسری جانب ’پنک ولا‘ نے بتایا کہ دلہن کو دولہے کی جانب سے دی گئی انگوٹھی بھی اتنی زیادہ قیمتی نہیں تھی، تاہم انگوٹھی کی خوبصورتی کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کترینہ کیف کو شادی پر دی گئی انگوٹھی کی قیمت محض ساڑھے سات لاکھ روپے تھی جب کہ دولہے کو ملنے والی انگوٹھی کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے بھی نہیں تھی۔

دونوں کے درمیان چند سال سے تعلقات تھے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کے درمیان چند سال سے تعلقات تھے—فوٹو: انسٹاگرام

ادھر ’فرسٹ پوسٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ ایمازون ویڈیو کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر کے نشریاتی حقوق خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

رپورٹ میں ایمازون ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ دونوں کی شادی کی ویڈیوز و تصاویر لیک ہونے کے بعد اسٹریمنگ ویب سائٹ نے نشریاتی حقوق خریدنے سے معذرت کی۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایمازون نے کترینہ کیف اور وکی کوشل سے شادی کے نشریاتی حقوق 80 کروڑ روپے میں خرید لیے۔

تبصرے (0) بند ہیں