بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو ان کے فارم ہاؤس میں ایک سانپ نے ڈس لیا۔

بولی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 25 دسمبر کو رات گئے 3 بجے سلمان خان کے پنویل کے فارم ہاؤس میں پیش آیا۔

ان کے فارم ہاؤس کے ارگرد کافی بڑا علاقہ جنگل پر مبنی ہے اور وہاں متعدد اقسام کے جانور بھی پائے جاتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو سانپ نے اس وقت ڈسا جب وہ ایک جگہ بیٹھے اپنے دوستوں سے بیٹھے بات کررہے تھے اور انہیں اچانک ہاتھ میں سوئی چبھنے کا احساس ہوا۔

اس موقع پر ان کے دوست نے سانپ کو دیکھا اور مدد کے لیے چیخنا شروع کردیا۔

اداکار کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا اور انہیں ادویات استعمال کرانے کے بعد چند گھنٹوں تک ان کی حالت کا جائزہ لیا گیا اور پھر گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

26 دسمبر کی صبح انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور پھر وہ اپنے فارم ہاؤس واپس چلے گئے۔

رپورٹ کے مطابق سلمان خان کو جس سانپ نے ڈسا وہ زہریلا نہیں تھا اس وجہ سے اداکار کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں ہوا۔

اب سلمان خان کو ڈاکٹروں نے فارم ہاؤس میں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

خیال رہے کہ سلمان خان 27 دسمبر کو 56 ویں سالگرہ منارہے ہیں جس میں ان کے گھروالے اور چند قریبی دوست ہی شریک ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں