آئمہ بیگ کے ساتھ کنسرٹ کے دوران لڑکوں کی بدتمیزی

28 دسمبر 2021
گلوکارہ نے مختلف گانوں پر پرفارمنس کی—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ نے مختلف گانوں پر پرفارمنس کی—فوٹو: انسٹاگرام

’ملنگ، ڈھولا، بازی، نہ چھیڑ ملنگاں نوں، بلما بھگوڑا اور یاریاں‘ جیسے گانے والی گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ میوزک کنسرٹ سننے کے لیے آنے والے مداح لڑکوں کی بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

آئمہ بیگ نے حال ہی میں پنجاب گروپ آف کالج (پی جی سی) کے میوزک ٹوئر کے دوران گوجرانوالہ میں گرلز اینڈ بوائز کالج میں پرفارمنس کی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوگئیں۔

گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر بھی گوجرانوالہ گرلز کالج میں کی گئی پرفارمنس کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ’ ڈرائیو-اِن میوزک کنسرٹ‘ کیٹیگری میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا

آئمہ بیگ نے گرلز کالج میں ’ستم ہے خدایا، کیوں تونے پیار بنایا‘ اور ’مست ملنگ چہ کیتائی‘ سمیت دیگر گانوں پر پرفارمنس کی۔

گلوکارہ کی پرفارمنس کو سراہا گیا اور لوگوں نے ان کے انداز و لباس کو بھی سراہا۔

مگر ساتھ ہی گلوکارہ کی بوائز کالج میں پرفارمنس کے دوران ان سے لڑکوں کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی اور لوگوں نے کنسرٹ سننے کے لیے آنے والے لڑکوں پر سخت تنقید کی۔

گلوکارہ کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب وہ اسٹیج پر پرفارمنس کر رہی تھیں تب انہوں نے ایک لڑکے کو بدتمیزی کرنے پر جھاڑ پلائی اور منتظمین کو کہا کہ مذکورہ لڑکے کو پیچھے ہٹایا جائے۔

ویڈیو میں گلوکارہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ اگر ان کے ساتھ یوں ہی بدتمیزی جاری رہی تو وہ اسٹیج چھوڑ کر چلی جائیں گی۔

ساتھ ہی آئمہ بیگ نے کنسرٹ سننے والوں کو کہا کہ صرف ایک شخص کی وجہ سے باقی سب بھی ان کی پرفارمنس دیکھنے سے محروم رہ جائیں گے، جس پر مداحوں نے ان سے معافی مانگی۔

مداحوں کی جانب سے معافی مانگے جانے پر آئمہ بیگ نے انہیں بتایا کہ وہ ان کے لیے ہی پرفارمنس کرنے آئی ہیں اور وہ انہیں پرفارمنس دکھا کر ہی جائیں گی۔

گوجرانوالہ میں پرفارمنس کرنے کے علاوہ آئمہ بیگ نے حال ہی میں ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی پرفارمنس کی تھی۔

آئمہ بیگ سے قبل گزشتہ ہفتے عاطف اسلم کے اسلام آباد میں ہونے والے ایک میوزک کنسرٹ میں بھی بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

کنسرٹ کے دوران خاتون کے ساتھ بدتمیزی کیے جانے کے بعد عاطف اسلم میوزک کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

ان دونوں متعدد گلوکار پنجاب گروپ آف کالج سمیت دیگر اداروں کی جانب سے منعقد کیے جانے والے میوزک کنسرٹس میں مصروف ہیں۔

گزشتہ دنوں اداکارہ حرا مانی کی بھی پنجاب گروپ آف کالج فیصل آباد میں کی جانے والی پرفارمنس کی ویڈیوز خوب وائرل ہوئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں