سال 2022 کا آغاز ہوگیا

اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2021
نیوزی لینڈ میں پاکستان سے 8 گھنٹے قبل نیا سال شروع ہوتا ہے—اسکرین شاٹ یوٹیوب
نیوزی لینڈ میں پاکستان سے 8 گھنٹے قبل نیا سال شروع ہوتا ہے—اسکرین شاٹ یوٹیوب

پاکستان میں نیا سال 2022 شروع ہونے سے 9 گھنٹے قبل ہی دنیا میں نیا سال شروع ہوگیا اور سب سے پہلے بحریہ اوقیانوس کے دور دراز جزائر میں نیا سال شروع ہوا۔

اگرچہ پاکستان میں سال نو کا آغاز 31 دسمبر کی رات 11 بج کر 59 منٹ، 59 سیکنڈز کے بعد ہوتا ہے، تاہم دنیا کے متعدد ممالک میں نیا سال 9 گھنٹے قبل ہی شروع ہوجاتا ہے۔

دنیا میں سب سے پہلے 2022 کا آغاز وسطی بحریہ اوقیانوس کے جزائر ٹونگا اور کیریباتی سے ہوا، یہاں پاکستان سے 9 گھنٹے پہلے نیا سال شروع ہوتا ہے، اس جزیرے میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے کے بعد نیا سال شروع ہوجاتا ہے۔

اس جزیرے میں انسانی بستیاں نہیں ہیں اس لیے یہاں پر نئے سال کا آغاز اتنی اہمیت نہیں رکھتا۔

ٹونگا اور کریباتی میں سال نو کے کچھ منٹ بعد ہی نیوزی لینڈ کے جزیرے چاٹھن میں بھی نئے سال کا آغاز ہوجاتا ہے اور یہاں بھی انسانی آبادی نہ ہونے کی وجہ سے نئے سال کے آغاز کو اہمیت نہیں دی جاتی۔

ٹونگا اور کیریباتی کے بعد نئے سال کا آغاز نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں ہوتا ہے جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے بعد ہوتا ہے۔

نیوزی لینڈ دنیا کا وہ پہلا بڑا اور معروف ملک جب کہ آکلینڈ وہ پہلا شہر ہے جہاں سال نو کا آغاز سب سے پہلے ہوتا ہے۔

نیوزی لینڈ کے بعد نئے سال کا روس کے دور دراز کے جزائر میں ہوتا ہے جہاں پاکستانی وقت کے مطابق 31 دسمبر کی شام 5 بجے کے بعد نیا سال شروع ہوجاتا ہے۔

ٹائمز اینڈ ڈیٹ ڈاٹ کام کے مطابق نیوزی لینڈ اور روس کے بعد نئے سال کے آغاز آسٹریلیا میں ہوتا ہے، جہاں پاکستان کے شام 6 بجے کے بعد نیا سال شروع ہوتا ہے۔

پاکستان کے شام 6 بجے سے رات 8 بجے تک نئے سال کا آغاز آسٹریلیا کے دور دراز جزائر میں ہوتا رہتا ہے۔

آسٹریلیا کے بعد نئے سال کا آغاز جاپان میں ہو تا ہے، جس کے بعد جنوبی کوریا سمیت قریبی ممالک میں بھی نئے سال کی شروعات ہوجاتی ہے۔

جاپان، شمالی کوریا، فلپائن، چین، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، میانمار، بنگلا دیش، نیپال، سری لنکا اور بھارت کے بعد پاکستان میں نئے سال کا آغاز ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں سال 2022 کا آغاز دیگر ممالک کے مقابلے 25 گھنٹے بعد بھی ہوگا۔

نئے سال کے آغاز کے 25 گھنٹے بعد امریکن سمووا میں نئے سال کا آغاز ہوتا ہے، جس کے ایک گھنٹے بعد بیکر آئی لینڈ دنیا کا وہ آخری مقام ہوگا جو 2022 میں داخل ہوگا مگر وہاں کوئی آبادی نہیں تو وہاں کوئی اس کا ٰخیرمقدم کرنے والا نہیں ہوگا۔

یعنی امریکن سمووا کے رہائشی ہی سب سے آخر میں نئے سال کا جشن منائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں