’اومیکرون‘ کا پھیلاؤ: ’گریمی ایوارڈز‘ کی تقریب ملتوی

06 جنوری 2022
تقریب کے انعقاد کا اعلان بعد میں کیا جائے گا—فوٹو: رائٹرز
تقریب کے انعقاد کا اعلان بعد میں کیا جائے گا—فوٹو: رائٹرز

امریکا میں کورونا کی نئی قسم ’اومیکرون‘ کے پھیلاؤ کے بعد موسیقی کے لیے دیے جانے والے دنیا کے اعلیٰ ترین ’گریمی ایوارڈز‘ کی تقریب کو نامعلوم مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

’گریمی ایوارڈز‘ کی تقریب رواں ماہ 31 جنوری کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہونی تھی مگر کورونا کے پھیلاؤ کے بعد اسے ملتوی کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ’گریمی ایوارڈز‘ کی انتظامیہ اور مذکورہ شو کے نشریاتی حقوق رکھنے والے ٹی وی چینل ’سی بی ایس‘ نے 5 جنوری کو ایوارڈز ملتوی کرنے کی تصدیق کی۔

انتظامیہ نے ’گریمی ایوارڈز‘ کو ملتوی کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی تقریب کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

گریمی کے لیے پہلی بار آفتاب عروج کو بھی دو نامزدگیاں ملی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
گریمی کے لیے پہلی بار آفتاب عروج کو بھی دو نامزدگیاں ملی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

انتظامیہ نے ’گریمی ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں کا اعلان 23 نومبر 2021 کو کرتے ہوئے تقریب کا انعقاد 31 جنوری 2022 کو کرنے کی تصدیق کی تھی۔

موسیقی کے اعلیٰ ترین ایوارڈز کی تقریب کو ملتوی کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ دو دن قبل ہی امریکا میں پہلی بار 10 لاکھ سے زائد کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب ’گریمی ایوارڈز‘ کے لیے نامزد

امریکا میں جہاں 10 لاکھ سے زائد نئے کورونا کیسز ریکارڈ ہوئے تھے، وہیں پہلی بار نئی قسم ’اومیکرون‘ کے بھی توقعات سے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے۔

رواں برس کی طرح گزشتہ برس بھی کورونا کے باعث گریمی ایوارڈز کی تقریب کو دو ماہ کے لیے ملتوی کیا گیا تھا اور جنوری کے بجائے مارچ میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔

گلوکارہ ’ہر‘ نے 8 نامزدگیاں حاصل کی تھیں—فائل فوٹو: رائٹرز
گلوکارہ ’ہر‘ نے 8 نامزدگیاں حاصل کی تھیں—فائل فوٹو: رائٹرز

خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سال بھی ’گریمی ایوارڈز‘ کی تقریب ممکنہ طور پر مارچ میں ہی منعقد کی جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اس سال ’گریمی ایوارڈز‘ کے لیے مجموعی طور پر 86 کیٹیگریز میں نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا اور پہلی بار پاکستانی گلوکارہ آفتاب عروج کو بھی دو نامزدگیاں ملی تھیں۔

مزید پڑھیں: ایوارڈ یافتہ ریپر ڈریک ’گریمی ایوارڈز‘ نامزدگیوں سے دستبردار

سب سے زیادہ 11 نامزدگیاں امریکی ریپر، گلوکار 35 سالہ جان باٹسٹ کو ملی تھیں جب کہ کینیڈین نژاد گلوکار جسٹن بیبر، گلوکارہ ڈوجا کیٹ اور گلوکارہ ’ہر‘ نے ترتیب وار آٹھ آٹھ نامزدگیاں حاصل کی تھیں۔

امریکی گلوکارہ بلی آئلش اور اولیویا رودریگو نے ترتیب وار سات سات نامزدگیاں ملی تھیں اور حیران کن طور پر جنوبی کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ نے صرف ایک نامزدگی حاصل کی تھی۔

امریکی ارب پتی گلوکار جے زی تین نامزدگیاں حاصل کرنے کے بعد اب تک ’گریمی‘ نامزدگیاں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے گلوکار، ریپر و موسیقار بھی بنے تھے، ان کی نامزدگیوں کی تعداد 83 ہوچکی ہے۔

ریپر ڈریک نے نامزدگیوں سے دستبرداری کرلی تھی—فوٹو: اے پی
ریپر ڈریک نے نامزدگیوں سے دستبرداری کرلی تھی—فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں