ایوارڈ یافتہ ریپر ڈریک ’گریمی ایوارڈز‘ نامزدگیوں سے دستبردار

07 دسمبر 2021
ڈریک نے خود دستبرداری اختیار کی—فائل فوٹو: اے پی
ڈریک نے خود دستبرداری اختیار کی—فائل فوٹو: اے پی

ایوارڈ یافتہ کینیڈین ریپر ڈریک موسیقی کے لیے دیے جانے والے دنیا کے اعلیٰ ترین ’گریمی ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں سے دستبردار ہوگئے۔

’گریمی ایوارڈز‘ نے ڈریک کو 23 کو اعلان کردہ 86 کیٹیگریز میں سے 2 کیٹیگریز میں نامزد کیا تھا۔

موسیقی کے لیے دیے جانے والے اعلیٰ ترین ایوارڈز کی تقریب 31 جنوری 2022 کو لاس اینجلس میں ہونی تھی مگر ریپر نے پہلے ہی نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرلی۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈریک خود اپنی مرضی سے نامزدگیوں سے دستبردار ہوئے۔

معاملے سے باخبر دو افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈریک نے گریمی انتظامیہ کو نامزدگیوں سے دستبرداری کی درخواست کی تھی، جسے انتظامیہ نے قبول کیا۔

ڈریک کی درخواست کے بعد انتظامیہ نے 7 دسمبر کو نامزدگیوں کی فہرست کو اپڈیٹ کرتے ہوئے اس میں ڈریک کی دستبرداری کو مینشن بھی کردیا۔

ڈریک اور اس کی ٹیم کے ارکان نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے نامزدگیوں سے کیوں دستبرداری اختیار کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی وجہ ریپر کے اصول ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: موسیقی کے اعلیٰ ترین ’گریمی ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں کا اعلان

گزشتہ سال ریپر نے گریمی ایوارڈز کی نامزدگیوں میں کینیڈین ریپرز و گلوکاروں کو نظر انداز کرنے پر سخت تنقید کی تھی، جب کہ اس سے قبل 2019 میں انہوں نے گریمی ایوارڈز تقریب میں ایوارڈ وصول کرنے کے دوران بھی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ریپر کا خیال ہے کہ انہیں صرف ریپر کی کیٹیگری میں نامزد کرنا، انہیں نظر انداز کرنے کے برابر ہے جب کہ زیادہ تر کینیڈین گلوکاروں و موسیقاروں کو بھی ان کے مخلوط النسل ہونے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

تاہم ابھی فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ ڈریک نے نامزدگیوں سے کیوں دستبردااری اختیار کی۔

رواں سال ڈریک کو ’بیسٹ ریپ ایلبم‘ میں ان کے ایلبم ’سرٹیفائڈ لور بوائے‘ اور اسی ایلبم کے گانے ’وے ٹو سیکسی‘ کی نامزدگیاں ملی تھیں، تاہم دونوں سے دستبرداری اختیار کرلی۔

گریمی ایوارڈز کی 64 ویں سالانہ تقریب آئندہ ماہ 31 جنوری کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہوگی۔

یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ریپر نے کیوں دستبرداری اختیار کی—فائل فوٹو؟؛ رائٹرز
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ریپر نے کیوں دستبرداری اختیار کی—فائل فوٹو؟؛ رائٹرز

تبصرے (0) بند ہیں