’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر ہمایوں سعید کو شوبز شخصیات کی مبارک باد

اپ ڈیٹ 10 جنوری 2022
خبریں ہیں کہ ہمایوں سعید وب سیریز میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
خبریں ہیں کہ ہمایوں سعید وب سیریز میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

سینیئر اداکار ہمایوں سعید کے نیٹ فلیکس کی معروف اور متنازع ترین ویب سیریز میں سے ایک ’دی کراؤن ‘ کا حصہ بننے کی خبر سامنے آنے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

ہمایوں سعید کے ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے سے متعلق خبر 9 جنوری کو سامنے آئی جب کہ ماہرہ خان نے انہیں ٹوئٹ میں مینشن کرتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔

ڈان میگزین کے ایڈیٹر حسن زیدی نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ہمایوں سعید نیٹ فلیکس کی ویب سیریز ’دی کراؤن‘ میں برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے مبینہ محبوب پاکستانی سرجن ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ مذکورہ معلومات کو تب تک سچ نہیں مانا جاتا جب تک کہ نیٹ فلیکس خود اس کا اعلان نہیں کرتی۔

صحافی حسن چوہدری نے بھی اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے والے نہ صرف پاکستانی اداکار بن گئے بلکہ وہ کسی بھی نیٹ فلیکس اوریجنل سیریز کا حصہ بننے والے بھی پہلے پاکستانی بن گئے۔

ہمایوں سعید سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے بھی انہیں مینشن کرتے ہوئے ٹوئٹس اور انسٹاگرام اسٹوریز میں مبارک باد پیش کی۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے حسن زیدی کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ہمایوں سعید کو مینشن کیا اور انہیں ویب سیریز کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کی۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے بھی ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کی۔

اداکارہ عائشہ عمر نےبھی ہمایوں سعید کو اپنی ٹوئٹ میں مینشن کرتےہوئے انہیں نیٹ فلیکس کی سیریز کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کی۔

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے بھی اپنے دیرینہ دوست کو نیٹ فلیکس سیریز کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کی۔

اداکار، میزبان ولکھاری واسع چوہدری نے بھی ہمایوں سعید کو مبارک بادپیش کرتے ہوئے اداکار کی سپر ہٹ فلموں کی کمائی اور کامیاب ڈرامے میرے پاس تم ہو کا بھی ذکر کیا۔

اگرچہ شوبز شخصیات سمیت صحافیوں نے ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کی، تاہم انہوں نے خود اس حوالے سے کوئی بھی پوسٹ نہیں کی اور نہ ہی کسی شخصیت کا مبارک باد پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیٹ فلیکس ’دی کراؤن‘ کو غیر حقیقی قرار دے، برطانوی حکومت

دوسری جانب ’دی کراؤن‘ یا نیٹ فلیکس نے بھی اس حوالے سے تاحال کوئی وضاحت نہیں کی۔

’دی کراؤن‘ نامی ویب سیریز برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی سیریز ہے، جس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں۔

ویب سیریز کا چوتھا سیزن گزشتہ برس نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا، مذکورہ سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا، پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کے شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔

’دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔

’دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: ’نیٹ فلیکس‘ کا ’دی کراؤن‘ کو فکشن قرار دینے کا انتباہ جاری کرنے سے انکار

سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز ہوا اور اس میں 1964 سے 1977 کا دور دکھایا گیا تھا۔

سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020 میں ریلیز ہوا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا گیا۔

چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا گیا، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے گئے۔

اب پانچویں سیزن میں 1988 سے لے کر 1999 تک کا دور دکھائے جانے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں