منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ میں چھوڑی جانے والی نومولود بچی کرشماتی طور پر بچ گئی

13 جنوری 2022
چند دن کی بچی کو 5 نوجوانوں نے دریافت کیا تھا — فوٹو بشکریہ بی بی سی
چند دن کی بچی کو 5 نوجوانوں نے دریافت کیا تھا — فوٹو بشکریہ بی بی سی

سائبریا کو دنیا کے سرد ترین خطوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جہاں موسم سرما میں اوسط درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی کم ہوتا ہے۔

تو ایک نومولود بچی کا منفی 20 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بچ جانا کسی کرشمے سے کم نہیں۔

مگر ایسا ہوا اور سائبریا کے دور دراز کے حصے میں منفی 20 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں چھوڑی جانے والی نومولود بچی کو بچالیا گیا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس بچی کو 7 جنوری 2022 کو سوسنوویکا نامی گاؤں کے قریب ایک سڑک پر 5 نوجوانوں نے دریافت کیا تھا جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اب اس بچی کو محفوظ قرار دیا گیا ہے اور پولیس نے اسے قتل کرنے کی کوشش پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے اس کی ماں کی تلاش شروع کردی ہے۔

اس بچی کو بچانے والے نوجوانوں میں سے ایک کے والدین نے بچی کو گود لینے کی خواہش ظاہر کی ہے مگر انہیں رشتے داروں کی تلاش تک انتظار کرنا ہوگا۔

نوجوانوں میں سے ایک کے والد دیمیتری لیتوینوف نے بتایا کہ یہ دوست مقامی تہوار کے موقع پر چہل قدمی کے لیے گئے تھے اور تاریکی کے باعث فونز کو روشن کرکے ڈبے میں بچی کو ڈھونڈا۔

اس ڈبے میں بچی ایک کمبل اور بوتل کے ساتھ موجود تھی، جس کے بعد ان کے بیٹے نے والدین کو فون کیا جو اسے گاڑی میں ہسپتال لے گئے۔

ایسا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ چند دن کی یہ بچی شدید سردی میں رہنے کی وجہ سے بچ نہیں سکے گی مگر وہ کرشماتی طور پر بچ گئی۔

اس بچی کو اب ایک بچوں کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی نگہداشت کی جارہی ہے۔

اگر بچی کے رشتے دار مل نہیں سکے تو اسے گود لینے کے خواہشمند جوڑے کو دستاویزات جمع کرانے کے ساتھ ساتھ خصوصی کورسز کرنا ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں