’عشق لا‘ میں سجل علی کے کردار ’شنایا‘ کی موت پر پاکستانی افسردہ

15 جنوری 2022
سجل علی نے ڈرامے میں شنایا کا کردار ادا کیا—اسدکرین شاٹ
سجل علی نے ڈرامے میں شنایا کا کردار ادا کیا—اسدکرین شاٹ

مقبول ڈرامے ’عشق لا‘ کی تازہ قسط میں ڈرامے کی مرکزی اداکارہ سجل علی کے کردار ’شنایا‘ کی موت پر پاکستانی ڈراما شائقین افسردہ دکھائی دیے اور مداحوں نے اداکارہ کی موت کے مناظر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

’عشق لا‘ کو ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے اور 13 جنوری کو ڈرامے کی بارہویں قسط نشر کی گئی تھی، جس میں سجل علی کے کردار ’شنایا‘ کی موت ہو جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اذان سمیع خان کے ڈیبیو ڈرامے ’عشقِ لا’ کی پہلی جھلک سامنے آگئی

ڈرامے میں سجل علی ایک صحافی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں جو کہ عام لوگوں کی مدد کرنے سمیت کئی اسکینڈلز سے پردہ اٹھاتی دکھائی دیتی ہیں۔

سجل علی کو ڈرامے میں اذان سمیع خان کی اہلیہ کے طور پر دکھایا گیا ہے جو کہ ایک بااثر اور رعبدار شخص ہوتے ہیں۔

ڈرامے کی بارہویں قسط میں سجل علی ایک مغوی بچی کی والدہ کا پیچھا کرتے ہوئے ان جرائم پیشہ افراد کے پاس پہنچ جاتی ہے، جنہوں نے ایک اسکول کی بچی کو اغوا کر رکھا ہوتا ہے۔

والدہ اپنی مغوی بچی کو لینے پہنچتی ہیں، جنہیں ٹیکسی میں دیکھ کر سجل علی ان کا پیچھا کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد تک پہنچ جاتی ہیں اور چھپ کر ان کی ویڈیو بناتی ہیں،

مزید پڑھیں: اذان سمیع کے ڈیبیو ڈرامے 'عشقِ لا' کے ٹیزرز ریلیز

جرائم پیشہ افراد مغوی بچی کو چھوڑ کر روانہ ہوتے ہیں تو اس دوران سجل علی اپنا توازن برقرار نہیں رکھ پاتیں اور پھسلنے کی وجہ سے پتھروں کی آواز سن کر جرائم پیشہ افراد کو شک ہوجاتا ہے کہ کوئی ان کی ویڈیو یا تصاویر بنا رہا تھا۔

اگرچہ سجل علی وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں مگر جرائم پیشہ افراد بھی گاڑی میں ان کا پیچھا کرتے ہوئے ایک سڑک پر ان کی گاڑی کو گولی مار کر سجل علی تک پہنچ جاتے ہیں اور تب تک ان کا شوہر اذان سمیع خان بھی وہاں پہنچ جاتا ہے۔

اس سے قبل کہ سجل علی یعنی شنایا اپنے شوہر کے پاس پہنچ جائے جرائم پیشہ افراد ان پر گولیاں چلا دیتے ہیں اور شنایا علی گولیوں کا شکار بن جاتی ہیں۔

ڈرامے کی بارہویں قسط کے درمیان ہی سجل علی کے کردار شنایا کی موت کو دکھایا جاتا ہے۔

عشق لا میں شنایا کی موت کو دیکھ کر کئی ڈراما شائقین نے گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

بعض لوگوں نے سجل علی کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ انہوں نے ڈرامے کی چند ہی قسطیں دیکھی ہیں مگر شنایا کی موت نے انہیں افسردہ کردیا۔

ڈراما شائقین کی طرح اذان سمیع خان نے بھی ڈرامے میں اپنی اہلیہ شنایا کی موت کے حوالے سے پوسٹ لکھی اور بتایا کہ ڈرامے میں شنایا نے ایک ایسی بہادر خاتون کا کردار ادا کیا جو دوسرے کمزور افراد کے حق کے لیے اٹھ کھڑی ہوئیں۔

اذان سمیع خان نے ڈرامے میں شنایا کی قبر کی تصویر بھی شیئر کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں