تابش ہاشمی نے ’ٹو بی آنیسٹ‘ کو خیرباد کہہ دیا

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2022
تابش ہاشمی اس وقت کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں، آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے—اسکرین شاٹ
تابش ہاشمی اس وقت کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں، آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے—اسکرین شاٹ

یوٹیوب کے مقبول ترین کامیڈی، پولیٹیکل طنزیہ اور تفریحی شو ’ٹو بی آنیسٹ‘ (ٹی بی ایچ) کے میزبان تابش ہاشمی نے یوٹیوب چینل کو خیرباد کہتے ہوئے جیو ٹی وی نیٹ ورک کو جوائن کرلیا۔

تابش ہاشمی کا شو ’ٹو بی آنیسٹ‘ ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے شوز کے مقابلے زیادہ دیکھا اور پسند کیا جاتا رہا ہے، مذکورہ شو کو ’ناشپاتی پرائم‘ پر نشر کیا جاتا رہا ہے۔

تابش ہاشمی نے ابتدائی طور پر 2018 میں ’ٹو بی آنیسٹ‘ شو کی 6 اقساط ریکارڈ کروائی تھیں جو ان کے کینیڈا جانے کے بعد یوٹیوب پر ریلیز کی گئیں اور ان کے شو کو لوگوں نے خوب سراہا، کیوں کہ پاکستان میں اس طرح کے شو پہلے کبھی نہیں بنے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: معین اختر نے ساتھ کام کرنے کی پیش کش کی تھی، تابش ہاشمی

اپنے شو کے دوران انہوں نے متعدد شوبز شخصیات، سیاستدانوں، سماجی رہنماؤں اور سوشل میڈیا اسٹارز کے انٹرویوز کیے اور ان کے پروگرامات میں شریک ہونے والے مہمانوں کے بیانات پر اسکینڈلز بھی بنے۔

لیکن اب وہ ’ٹو بی آنیسٹ‘ کو چھوڑ کر جیو ٹی وی پر نیا پروگرام کرنے جا رہے ہیں۔

تابش ہاشمی نے ڈان امیجز کو بتایا کہ وہ جلد ہی کینیڈا سے پاکستان آکر نئے پروگرام کی تیاریاں شروع کردیں گے، تاہم انہوں نے پروگرام سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔

تابش ہاشمی نے تصدیق کی کہ وہ جیو ٹی وی کے پولیٹیکل سٹائر پروگرام ’خبرناک‘ کا حصہ نہیں ہوں گے بلکہ وہ بالکل نیا پروگرام کریں گے لیکن انہوں نے اس متعلق فوری طور پر تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

میزبان نے بتایا کہ وہ آئندہ ماہ فروری تک پاکستان آکر پروگرام سے متعلق تیاریاں شروع کریں گے اور اس وقت ہی وہ اپنے نئے سفر سے متعلق معلومات کو عام کریں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ تابش ہاشمی جیو ٹی وی پر ’ٹو بی آنیسٹ‘ کی طرز کا ہی شو کریں گے، جسے انٹرٹینمنٹ سمیت نیوز چینل پر بھی نشر کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں