کورونا کے باعث ’گریمی ایوارڈز‘ تاخیر سے اپریل میں منعقد کرنے کا اعلان

19 جنوری 2022
اب ایوارڈز تقریب اپریل میں ہوگی—فائل فوٹو: رائٹرز
اب ایوارڈز تقریب اپریل میں ہوگی—فائل فوٹو: رائٹرز

موسیقی کے لیے دیے جانے والے دنیا کے اعلیٰ ترین ’گریمی ایوارڈز‘ کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ سالانہ تقریب تاخیر سے رواں برس 3 اپریل کو منعقد کی جائے گی۔

کورونا کے باعث سالانہ ایوارڈز تقریب کو منسوخ کرنے کا اعلان گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا مگر اب تصدیق کردی گئی کہ تقریب تین ماہ تاخیر کے بعد اپریل میں منعقد کی جائے گی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ریکارڈنگ اکیڈمی اور سی بی ایس ٹی وی چینل کے منتظمین نے تصدیق کی کہ موسیقی کے اعلیٰ ترین ایوارڈز کی تقریب 3 اپریل کو لاس اینجلس میں منعقد کی جائے گی۔

کورونا کے پیش نظر ایوارڈز تقریب کو محدود رکھنے کا امکان بھی ہے، تاہم اس حوالے سے انتظامیہ نے فوری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا۔

گریمی کے لیے پہلی بار آفتاب عروج کو بھی دو نامزدگیاں ملی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
گریمی کے لیے پہلی بار آفتاب عروج کو بھی دو نامزدگیاں ملی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

’گریمی ایوارڈز‘ کی تقریب رواں ماہ 31 جنوری کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہونی تھی مگر کورونا کے پھیلاؤ کے بعد اسے 6 جنوری کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب ’گریمی ایوارڈز‘ کے لیے نامزد

اب نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہے تقریب سخت احتیاطی تدابیر کے تحت منعقد کی جائے گی۔

رواں برس کی طرح گزشتہ برس بھی کورونا کے باعث گریمی ایوارڈز کی تقریب کو دو ماہ کے لیے ملتوی کیا گیا تھا اور جنوری کے بجائے مارچ میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔

گلوکارہ ’ہر‘ نے 8 نامزدگیاں حاصل کی تھیں—فائل فوٹو: رائٹرز
گلوکارہ ’ہر‘ نے 8 نامزدگیاں حاصل کی تھیں—فائل فوٹو: رائٹرز

اس سال ’گریمی ایوارڈز‘ کے لیے مجموعی طور پر 86 کیٹیگریز میں نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا اور پہلی بار پاکستانی گلوکارہ آفتاب عروج کو بھی دو نامزدگیاں ملی تھیں۔

سب سے زیادہ 11 نامزدگیاں امریکی ریپر، گلوکار 35 سالہ جان باٹسٹ کو ملی تھیں جب کہ کینیڈین نژاد گلوکار جسٹن بیبر، گلوکارہ ڈوجا کیٹ اور گلوکارہ ’ہر‘ نے ترتیب وار آٹھ آٹھ نامزدگیاں حاصل کی تھیں۔

مزید پڑھیں: ’اومیکرون‘ کا پھیلاؤ: ’گریمی ایوارڈز‘ کی تقریب ملتوی

امریکی گلوکارہ بلی آئلش اور اولیویا رودریگو نے ترتیب وار سات سات نامزدگیاں ملی تھیں اور حیران کن طور پر جنوبی کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ نے صرف ایک نامزدگی حاصل کی تھی۔

امریکی ارب پتی گلوکار جے زی تین نامزدگیاں حاصل کرنے کے بعد اب تک ’گریمی‘ نامزدگیاں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے گلوکار، ریپر و موسیقار بھی بنے تھے، ان کی نامزدگیوں کی تعداد 83 ہوچکی ہے۔

ریپر ڈریک نے نامزدگیوں سے دستبرداری کرلی تھی—فوٹو: اے پی
ریپر ڈریک نے نامزدگیوں سے دستبرداری کرلی تھی—فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں