بھارت کو ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی شکست

21 جنوری 2022
مین آف دی میچ کوئنٹن ڈی کوک نے 78رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
مین آف دی میچ کوئنٹن ڈی کوک نے 78رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

جنوبی افریقہ نے بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدوت بھارت کو لگاتار دوسرے ون ڈے میچ میں 7وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کے بعد ٹی20 سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

پارل میں کھیلے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر درست ثابت ہوا۔

اوپنر اور کپتان لوکیش راہُل نے شیکھر دھاون نے چھ کی اوسط سے رنز بناتے ہوئے ٹیم کو 63 رنز کا آغاز فراہم کیا، دھاون 29 رنز بنا کر ایڈن مرکرم کو وکٹ دے بیٹھے۔

تاہم بھارت کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب ویرات کوہلی بغیر کوئی رنز بنائے کیشپ مہاراج کی وکٹ بن گئے۔

64 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد راہُل کا ساتھ دینے ریشابھ پنت آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 115رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن پھر یکے بعد دیگرے دونوں ہی وکٹیں گنوا بیٹھے۔

راہُل نے 55رنز کی اننگز کھیلی لیکن پنت نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 71 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 85رنز بنائے۔

شریاس آئیر اور وینکاٹیش آئیر بھی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے لیکن اختتامی اوورز میں شردُل ٹھاکر نے 40 رنز کی جاحانہ اننگز کھیلی جس کی بدولت بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے دو جبکہ سیسانگا مگالا، مرکرم، مہاراج اور ایندائل فلکوایو نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئنٹن ڈی کوک اور جینمن ملان نے ٹیم کو 132 رنز کا آغاز فراہم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا، ڈی کوک آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جنہوں نے 66گیندوں پر 78رنز بنائے۔

اس کے بعد ملان کا ساتھ دینے کپتان ٹیمبا باووما آئے اور دونوں نے مزید 80رنز کی ساجھے داری قائم کی، اس موقع پر بھارت کو دو رنز کے فرق سے دونوں اہم وکٹیں حاصل ہو گئی۔

ملان نے 91 رنز کی عمدہ باری کھیلی جبکہ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے باووما نے 35رنز بنائے۔

تاہم ان دو وکٹوں کے گرنے کے باوجود جنوبی افریقہ کو ہدف کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور 37، 37 رنز کی اننگز کھیلنے والے ایڈم مرکرم اور وین ڈر ڈوسن نے اپنی ٹیم کو مزید نقصان کے بغیر ہدف تک رسائی دلا دی۔

کوئنٹن ڈی کوک کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لگاتار دوسرے میچ میں فتح کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے مہمان بھارتی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں بھی 1-2 سے مات دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں