پی اے آئی کا فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد لاپتا

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2022
وقار احمد جدون پی کے 781 میں سوار تھے — فائل فوٹو / اے ایف پی
وقار احمد جدون پی کے 781 میں سوار تھے — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا فضائی میزبان کینیڈا کے شہر ٹورنٹو پہنچنے کے بعد اپنے ہوٹل سے لاپتا ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار احمد جدون اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز ’پی کے 781‘ میں خدمات انجام دے رہے تھے، وہ لاپتا ہونے سے قبل جہاز کے ساتھیوں کے ہمراہ ہوٹل میں رکے تھے۔

ان کی گمشدگی کا علم تب ہوا جب ایئرلائن کے سینئر عملے نے ہوٹل میں ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، انہیں 23 جنوری کو شیڈول پرواز میں واپس اسلام آباد آنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 24 گھنٹے کے دوران پی آئی اے کے دو فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتا

وقار احمد جدون کے لاپتا ہونے کے فوری بعد پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر اور ہیڈکوارٹرز کو آگاہ کیا گیا اور ساتھ ہی مقامی پولیس کو بھی معاملے سے باخبر کیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے نے تصدیق کی کہ لاپتا رکن کے حوالے سے کینیڈا کے بارڈر سیکیورٹی کے ادارے اور کینیڈین پولیس کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ فلائٹ عملے کے رکن کا پاسپورٹ ٹورنٹو میں پی آئی اے اسٹیشن منیجر کے پاس موجود ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں اس عمل کا ہرجانہ بھی ہے اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں انہیں نوکری سے برطرف بھی کیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کا فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتا

پی آئی اے عملے کے لیے مقرر کردہ ایس او پیز کے مطابق عملے کے اراکین امیگریشن کلیئرنس اور کسٹم کے ضوابط مکمل ہونے کے بعد اپنے پاسپورٹ اسٹیشن منیجر کے پاس جمع کرواتے ہیں، ان کا پاسپورٹ روانگی کے وقت انہیں دوبارہ فراہم کیا جاتا ہے۔

عالمی وبا کے باعث جہاز کے عملے کے لیے گھومنے پھرنے پر پابندی ہے اور رات کے وقت کسی کو بھی ہوٹل کے احاطے سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی۔

اس سے قبل اس طرح کے 4 کیسز سامنے آچکے ہیں، جس میں ڈھائی سال قبل کینیڈا لینڈنگ کے بعد خاتون فضائی میزبان لاپتا ہوگئی تھیں جبکہ گزشتہ سال یکم فروری کو ایئرلائن کی فلائٹ ’پی کے 798‘ کے ٹورنٹو میں لینڈ کرنے کے بعد عملے کا ایک نگران لاپتا ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں