پاک بحریہ کے بیڑے میں پی این ایس طغرل، 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی شمولیت

25 جنوری 2022
تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے—تصویر: پاک بحریہ فیس بک
تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے—تصویر: پاک بحریہ فیس بک

پاک بحریہ کے بیڑے میں 054-A/P ملٹی رول فریگیٹس کی چار اقسام میں سے پہلے جہاز پی این ایس طغرل اور 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز کو شامل کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ان کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان پاک بحریہ کے لیے چار ملٹی رول فریگیٹس (ٹائپ 054-A/P) کے معاہدے پر جون 2018 میں دستخط کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ میں جدید بحری جہاز 'پی این ایس تبوک' کی شمولیت

ٹائپ 054-A/P کے پہلے پی این ایس طغرل بحری جہاز کو قطر کی جانب سے تحفے میں دیئے گئے سی کنگ ہیلی کاپٹرز کے ساتھ بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل امجد خان نیازی نے اس بات پر زور دیا کہ پی این ایس طغرل اور سی کنگ ہیلی کاپٹروں کی شمولیت پاکستان کی علاقائی سالمیت اور سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے اس کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔

انہوں نے مختلف بحری اقدامات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاک بحریہ کے کردار کی بھی وضاحت کی۔

صدر عارف علوی نے پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید ترین جہاز اور ہیلی کاپٹروں کی شمولیت کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا کہ طاقت ور اور بہترین صلاحیت کا بحری بیڑہ اور اس کی فضائی شاخ حکومت کی پالیسی کے مطابق امن و استحکام کو فروغ دیتے ہوئے قومی سمندری سرحدوں کی حفاظت کرتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید جہاز 'پی این ایس یرموک' کی شمولیت

انہوں نے سیکیورٹی کے مشکل ماحول میں سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے سطح، فضائی اور ذیلی سطح کے پلیٹ فارمز سے لیس بیڑے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر نے اس بات کا اجاگر کیا کہ پاکستان امن کی سرزمین ہے ساتھ ہی خطے میں سلامتی اور استحکام پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے منصوبے پاکستان کے وقت پر کام آنے والے دوستوں کے ساتھ اعتماد اور باہمی تعاون کا مظہر ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے جہاز کے روایتی اسکرول اور طیارے کے دستاویزات کمانڈر پاکستان فلیٹ کے حوالے کیے۔

تقریب میں چین اور قطر کے سفارتخانوں سے مہمانوں، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کے علاوہ آرمی، بحریہ اور فضائیہ کے حاضر سروس/ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں