پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2022
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا خوبصورت منظر— فوٹو: عبدالغفار
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا خوبصورت منظر— فوٹو: عبدالغفار
نیشنل اسٹیڈیم روشنیوں سے جگمگا رہا تھا— فوٹو: ڈان نیوز
نیشنل اسٹیڈیم روشنیوں سے جگمگا رہا تھا— فوٹو: ڈان نیوز
تقریب کے آغاز پر 1950 کی دہائی سے لے کر 2022 تک پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مختصر نظر ڈالی گئی— فائل فوٹو: پی ایس ایل
تقریب کے آغاز پر 1950 کی دہائی سے لے کر 2022 تک پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مختصر نظر ڈالی گئی— فائل فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ذریعے لیگ کا آغاز ہو گیا ہے ۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں لیگ کےساتویں ایڈیشن کے پہلے میچ سے قبل شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے ۔

تقریب کے آغاز پر 1950 کی دہائی سے لے کر 2022 تک پاکستان کرکٹ کی 70سالہ تاریخ پر مختصر نظر ڈالی گئی جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے خود تفصیلات بیان کیں اور قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔

عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے آفیشل ترانے پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا— فوٹو: ڈان نیوز
عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے آفیشل ترانے پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا— فوٹو: ڈان نیوز

فضل محمود کی اوول میں تاریخ ساز کارکردگی سے لے کر ویسٹ انڈیز میں حنیف محمد کی سنچری اور جاوید میانداد کے شارجہ میں چھکے تک تمام عظیم کھلاڑیوں کو اس ویڈیو میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ڈاکیومینٹری میں 1992 میں عمران خان کی زیر قیادت قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں فتح، 2009 کے ورلڈ ٹی20 میں چیمپیئن سے لے کر 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرنے کے یادگار واقعات بھی قید کیے گئے۔

اس کے بعد نیشنل اسٹیڈیم روشنیوں سے جگمگا اٹھا جبکہ عالمی شہرت یافتہ پیراشوٹ ایتھلیٹس فلورینٹ ڈریگیئر، پال اشٹائنر اور اسٹیفن میولر نے پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تقریب میں شائقین کا جوش و خروش اس وقت عروج پر پہنچ گیا جب سپراسٹار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے آواز کا جادو جگاتے ہوئے ساتویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ پیش کیا۔

اسٹیڈیم میں آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز
اسٹیڈیم میں آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز

اس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین رمیز راجا کے ہمراہ خصوصی ویڈیو میں لیگ کے افتتاح کا اعلان کیا۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی ور عوام کو تفریح فراہم کرے گی۔

وزیر اعظم کی جانب سے لیگ کے افتتاح کے بعد آنکھوں کو خیرہ کردینے والی آتش بازی کے مظاہرے سے تقریب کا اختتام کیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلوں کا آج سے کراچی میں آغاز ہو رہا ہے اور افتتاحی میچ دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں