یوٹیوب پر ویڈیوز بنانے اور سبسکرائبرز بڑھانے کے 7 طریقے

اپ ڈیٹ 28 جنوری 2022
یوٹیوب پر ویڈیوز کے ذریعے کمائی بھی کی جا سکتی ہے—فائل فوٹو: وورسی
یوٹیوب پر ویڈیوز کے ذریعے کمائی بھی کی جا سکتی ہے—فائل فوٹو: وورسی

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی سوشل میڈیا استعمال کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ہزاروں نوجوان پاکستانی ویڈیوز بناکر یوٹیوبر بننے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

پاکستان کے یوٹیوبرز اور کانٹینٹ کریئیٹرز عرفان جونیجو سے ضرور واقف ہوں گے جب کہ تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 20 لاکھ سبسکرائبرز اور فالوورز موجود ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے یوٹیوب پر ویڈیوز بنانے کے اپنے 5 سال مکمل ہونے پر نئے یوٹیوبرز کو کچھ ٹپس دیں، جن میں انہوں نے بتایا کہ کسی بھی شخص کو یوٹیوب پر اچھی ویڈیو بنانے اور اپنے سبسکرائبرز بڑھانے کے لیےکن سب سے اہم 7 باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

عرفان جونیجو نے 27 جنوری کو اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا کہ 5 سال قبل انہوں نے مشغلے کے طور پر یوٹیوب پر ویڈیوز بنانا شروع کی تھیں مگر پھر وہ ان کا کیریئر بن گیا اور وہ ان سے پیسے کمانے لگے۔

یوٹیوبر کے مطابق انہوں نے گزشتہ پانچ سال میں کئی چیزیں سیکھیں اور تاحال سیکھ رہے ہیں، تاہم وہ اپنے تجربے سے نئے یوٹیوبرز کو سات ایسی اہم چیزیں بتانا چاہ رہے ہیں، جنہیں ذہن میں رکھ کر وہ اچھی ویڈیوز بنا سکیں گے۔

— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

یوٹیوبرز کو درج ذیل سات باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

پہلی بات: یوٹیوب پر ویڈیو کوالٹی سے زیادہ آڈیو کی اہمیت ہے

یعنی کہ یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو کی آواز صاف ہونی چاہیے جو کہ سننے والے کو صاف سمجھ میں آنی چاہیے۔

دوسری بات: مطمئن ہوجانا یوٹیوب چینل کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔

یعنی کہ کوئی بھی شخص اپنے مواد سے مطمئن نہ ہو، وہ اپنے تیار کردہ مواد کا تنقیدی جائزہ بھی لیتا رہے اور دوسرے لوگوں سے بھی فیڈ بیک حاصل کرے۔

تیسری بات: تھمب نیل اور ٹائٹل اتنا ہی اہم ہے، جتنی ویڈیو اہم ہوتی ہے۔

یعنی کہ یوٹیوب پر اپ لوڈ کرتے وقت جو چھوٹی تصویر ویڈیو کے تھمب نیل میں نظر آتی ہے وہ اتنی پرکشش ہو کہ دیکھنے والا ویڈیو کو لازمی دیکھے اور ساتھ ہی ویڈیو کا ٹائٹل جسے ہیڈ لائن یا عنوان بھی کہا جاتا ہے، وہ بھی بہترین دیا جائے۔

چوتھی بات: یوٹیوب ویڈیو پر اسکرین ریشو 2:1 سب سے بہترین ہوتا ہے۔

یعنی کہ یوٹیوب کے لیے ویڈیو شوٹ کرتے وقت اسکرین کا ریشو 2:1 پر سیٹ کیا جائے تو ویڈیو شاندار بنے گی۔

پانچویں بات: وائرل ویڈیو آپ کی ذہانت کی تباہی ہے۔

عرفان جونیجو کے مطابق کسی بھی یوٹیوبر کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ چیز اس کی کوئی ویڈیو وائرل ہونا ہے، کیوں کہ وہ ویڈیو تخلیقی صلاحیت متاثر کردیتی ہے۔

چھٹی بات: سب سے نمایاں ہونے کا دعویٰ نہ کریں، بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کریں۔

عرفان جونیجو کہتے ہیں کہ کسی بھی یوٹیوبر کو یہ دعویٰ نہیں کرنا چاہیے کہ وہ سب سے نمایاں کام کرتے ہیں، البتہ انہیں بہتر سے بہتر اور منفرد کام کرتے رہنا چاہیے، اس سے انہیں سیکھنے کے لیے بہت ساری چیزیں ملیں گی۔

ساتویں بات: بہترین گرافکس اور موسیقی کا انتخاب

یعنی کہ یوٹیوب ویڈیو کے اندر شامل کی گئی لائنوں اور اعداد و شمار کو اچھے طریقے سے واضح طور پر ٹائپ کیا جائے اور بہترین موسیقی ویڈیو کا حصہ بنائی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں