’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا چوتھا گانا ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ ریلیز

01 فروری 2022
پنجابی گانے میں چار گلوکاروں نے آواز کا جادو جگایا ہے—فوٹو: کوک اسٹوڈیو
پنجابی گانے میں چار گلوکاروں نے آواز کا جادو جگایا ہے—فوٹو: کوک اسٹوڈیو

کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا پانچواں گانا پنجابی زبان میں ’دی سوچ بینڈ‘ اور ’بٹ برادرز‘ کی آواز میں جاری کردیا گیا۔

’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ گانے کو جدید موسیقی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جس میں ’دی سوچ بینڈ کے ارکان اور بٹ برادرز‘ نے روایتی پاپ انداز میں گلوکاری کی ہے۔

پنجابی زبان کے گانے کی شاعری عدنان ڈھول اور بٹ برادرز یعنی شمروز اور عمیر بٹ نے لکھی ہے جب کہ اس کی کمپوزیشن بھی انہوں نے ہی کی ہے، جس میں ان کا ساتھ ربی احمد نے بھی دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ریلیز

گانے کے مرکزی گلوکاروں میں ’دی سوچ بینڈ‘ کے عدنان ڈھول اور ربی احمد جب کہ ’بٹ برادرز‘ کے شمروز اور عمیر بٹ شامل ہیں۔

عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کے پنجابی گانے کو 23 جنوری کو جاری کیا گیا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو
عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کے پنجابی گانے کو 23 جنوری کو جاری کیا گیا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو

’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ سے قبل گزشتہ ماہ 23 جنوری کو عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ’سجن ڈس نہ‘ بھی پنجابی زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔

مومنہ مستحسن اور عاطف اسلم کے گانے کو شائقین نے خوب سراہا تھا، تاہم ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ کو اتنی پذیرائی نہیں ملی۔

مزید پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘: ’تو جھوم‘ کے بعد ’کنا یاری‘ کے چرچے

دونوں پنجابی گانوں سے قبل کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے دوسرے گانے ’کنار یاری‘ کو 19 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو سیزن کے چوتھا گانا اصفر حسین اور گریمی ایوارڈ نامزد یافتہ امریکی پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی آواز میں ’محرم‘ کو 28 جنوری کو جاری کیا گیا تھا، جسے کافی پسند کیا گیا۔

کنا یاری 19 جنوری کو ریلیز ہوا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو
کنا یاری 19 جنوری کو ریلیز ہوا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو

’محرم‘ کی طرح بلوچی زبان کے گانے ’کنا یاری‘ کو خوب سراہا گیا تھا، جس میں پاکستان کی پہلی حجابی ریپر ایوا بی نے کیفی خلیل اور عبدالوہاب بگٹی کے ہمراہ آواز کا جادو جگایا تھا۔

بلوچی گانے سے قبل 14 جنوری کو عابدہ پروین اور نصیبو لال کی آواز میں ’تو جھوم‘ کو جاری کرکے کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ عروج آفتاب اور اصفر حسین کا ’محرم‘ ریلیز

اب تک کوک اسٹوڈیو کے پانچ گانے جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے دو پنجابی جب کہ ایک بلوچی اور دو اردو زبان میں جاری کیے جا چکے ہیں۔

محرم 28 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو
محرم 28 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا—فوٹو: کوک اسٹوڈیو

کوک اسٹوڈیو کے پہلے گانے ’تو جھوم‘ پر تنازع بھی سامنے آیا تھا اور سندھ کے ضلع عمر کوٹ کی نوجوان گلوکارہ نرملا مگھانی نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ گانے کی دھن ان کی تیار کردہ دھن سے چوری کی گئی۔

نرملا مگھانی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ’تو جھوم‘ سے ملتی جلتی دھن جون 2021 میں کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسر ذالفقار جبار خان المعروف زلفی کو بھیجی تھی، جنہوں نے انہیں چانس دینے کے بجائے ان کی دھن کو چوری کرکے عابدہ پروین اور نصیبو لال کے گانے کی دھن بنائی۔

دوسری جانب زلفی نے نرملا مگھانی کے دعووں کو مسترد کردیا ہے، تاہم گلوکارہ نے پروڈیوسر کو کروڑوں روپے ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوا دیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں