آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری

اپ ڈیٹ 02 مارچ 2022
سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (بی سی پی) نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے میچوں کا شیڈول تبدیل کردیا جس کے بعد سیریز کا آغاز اب 3 مارچ کے بجائے 4 مارچ کو ہوگا۔

پی سی بی کی جانب سے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا جس کے مطابق 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 4 مارچ سے راولپنڈی سے ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ مہمان ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر دورہ پاکستان کا آغاز کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کی ٹیم کے تمام کھلاڑی دورۂ پاکستان کیلئے بھرپور تیار

یاد رہے اس سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں شیڈول کیے گئے تھے۔

مہمان ٹیم اب 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میچز کے مقامات میں تبدیلی ’یوم پاکستان‘ کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں بورڈز کی جانب سے اتفاق کیا گیا ہے کہ مہمان ٹیم 27 فروری کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، جہاں آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کی اجازت ہوگی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے ساتھ میچز ایک مقام پر کروانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، پی سی بی

وائٹ بال سیریز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں منتخب ہونے والے کھلاڑی 24 مارچ کوپاکستان پہنچیں گے، یہ تمام کھلاڑی اپنی آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد اسکواڈ کے دیگر اراکین سے مل سکیں گے۔

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تمام ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

نیا شیڈول

واضح رہے کہ مہمان ٹیم 27 فروری کو پاکستان پہنچے گی، پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ نئے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 4 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

  • پہلا ٹیسٹ: 4 تا 8 مارچ، راولپنڈی
  • دوسرا ٹیسٹ: 12 تا 16 مارچ، کراچی
  • تیسرا ٹیسٹ: 21 سے 25 مارچ، لاہور
  • پہلا ون ڈے انٹرنیشنل: 29 مارچ، راولپنڈی
  • دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل: 31 مارچ، راولپنڈی
  • تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل: 2 اپریل، راولپنڈی
  • ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل: 5 اپریل، راولپنڈی

یاد رہے اس سے قبل پی سی بی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 3 مارچ کو کھیلا جانا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں