بیجنگ سرمائی اولمپکس کی رنگارنگ افتتاحی تقریب، وزیراعظم سمیت عالمی رہنما شریک

اپ ڈیٹ 04 فروری 2022
—فوٹو: اے پی پی
—فوٹو: اے پی پی
سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں 3 ہزار فنکاروں نے حصہ لیا — فوٹو: رائٹرز
سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں 3 ہزار فنکاروں نے حصہ لیا — فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: فواد چوہدری ٹوئٹر
— فوٹو: فواد چوہدری ٹوئٹر

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سرمائی اولمپکس 2022 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا، جہاں وزیراعظم عمران خان، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت کئی ممالک کے سربراہ شریک ہوئے۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں چین کے صدر شی جن پنگ کے علاوہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان، ازبکستان کے صدر اور دیگر ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور دیگر بھی شریک تھے۔

— فوٹو: اے اپی پی
— فوٹو: اے اپی پی

سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ محمد کریم کر رہے ہیں جو الپائن اسکی میں حصہ لیں گے۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ 'درجنوں ٹیمیں آئیں لیکن اسٹیڈیم میں اگر چین کے بعد کسی ٹیم کے لیے تالی بجی تو وہ پاکستان کی ٹیم تھی، عام چینی پاکستان سے محبت کرتا ہے اور یہ تالیاں اسی جذبے کا اظہار ہیں'۔

محمد کریم سرمائی اولمپکس میں تیسری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ پاکستان نے مجموعی طور پر 4 مرتبہ سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا۔

پاکستان نے پہلی مرتبہ 2010 میں وینکوئیر الپائن اسکی میں حصہ لیا تھا جہاں محمد عباس نے نمائندگی کی تھی، جس کے بعد محمد کریم نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن بھی شریک ہوئے — فوٹو: اے ایف پی
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن بھی شریک ہوئے — فوٹو: اے ایف پی

کووڈ-19 کے خطرات کے باوجود سخت قواعد کے ساتھ سرمائی اولمپکس کا آغاز ہوا، اس کے علاوہ امریکا سمیت متعدد ممالک نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا تھا۔

سفارتی بائیکاٹ کرتے ہوئے جن ممالک نے افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے اپنے سرکاری نمائندے نہیں بھیجے ان میں امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا سرفہرست ہیں۔

افتتاحی تقریب کا آغاز چین کے صدر شی جن پنگ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چیئرمین تھامس بیچ کے برڈز نیسٹ اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہی ہوا جہاں گیمز میں شریک 91 ممالک کے جھنڈے لہرا رہے تھے۔

شی جن پنگ اور اولمپک کمیٹی کے سربراہ اسٹیڈیم میں آئے — فوٹو: اے پی
شی جن پنگ اور اولمپک کمیٹی کے سربراہ اسٹیڈیم میں آئے — فوٹو: اے پی

بیجنگ سرمائی اولمپکس کے ڈائریکٹر ژینگ یمو ہیں جنہوں نے بیجنگ سمر گیمز 2008 کے انتظامات بھی کیے تھے۔

افتتاحی تقریب میں 3 ہزار فنکاروں نے سرمائی اولمپکس میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جو بیجنگ اور قریبی صوبے ہیبے کے عام فنکار تھے اور اس کا عنوان ‘اسٹوری آف سنوفلیک’ تھا۔

افتتاحی تقریب میں شان دار آتش بازی کی گئی — فوٹو: رائٹرز
افتتاحی تقریب میں شان دار آتش بازی کی گئی — فوٹو: رائٹرز

ژینگ یمو نے کہا کہ افتتاحی تقریب کورونا کی عالمی وبا سمیت بدلے ہوئے عالمی منظر نامے کو پیش کر رہی ہے اور انہوں نے کہا کہ شرپسند طاقتیں چین کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پیچیدہ عالمی صورت حال میں سرمائی اولمپکس چین کے عوام کے اعتماد، فخر اور محبت کا عکس ہوگی جو وہ دنیا کے لوگوں کے لیے رکھتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں