پہلی بیوی سے اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص احاطہ عدالت سے گرفتار

اپ ڈیٹ 04 فروری 2022
سزا کے خلاف اپیل پر لاہور ہائیکورٹ کاایک رکنی بینچ آئندہ ہفتے سماعت کرے گا — فوٹو: ڈان نیوز
سزا کے خلاف اپیل پر لاہور ہائیکورٹ کاایک رکنی بینچ آئندہ ہفتے سماعت کرے گا — فوٹو: ڈان نیوز

فیملی کورٹ سے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے کے جرم میں سزا پانے والے شخص کو لاہور ہائی کورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ٹرائل کورٹ کی جانب سے مجرم کو گزشتہ سال دسمبر میں 6 ماہ قید اور 5 لاکھ 60 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم عدالت سے فرار ہونے کے باعث اسے گرفتار نہیں کیا جاسکا تھا۔

پہلی بیوی سے اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا مجرم غلام رسول سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے لاہور ہائی کورٹ آیا تھا جہاں اسے گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی پر 11 ماہ قید، ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ

سزا کے خلاف اپیل پر لاہور ہائی کورٹ کا ایک رکنی بینچ آئندہ ہفتے سماعت کرے گا۔

غلام رسول نے درخواست پر فیصلے تک ہائی کورٹ سے سزا معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔

ملزم کی پہلی بیوی نے دوسری شادی کرنے پر شوہر کے خلاف مقدمہ دائر کرایا تھا۔

خیال رہے کہ جولائی 2019 میں بھی لاہور کی عدالت نے پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو 11 ماہ قید اور 2 لاکھ 50 ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

لاہور کے علاقے اچھرہ کے رہائشی راشد محمود نامی شخص کے دوسری شادی کرنے پر ان کی پہلی بیوی نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

پہلی اہلیہ شمیم بی بی نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ ان کے خاوند راشد نے اجازت حاصل کیے بغیر دوسری شادی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صرف پہلی بیوی ہی شوہر کی دوسری شادی کو چیلنج کر سکتی ہے، لاہور ہائیکورٹ

ان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ قانون کے تحت دوسری شادی کرنے کے لیے پہلی بیوی کی اجازت حاصل کرنا ضروری ہے اور یہ اجازت حاصل نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔

وکیل نے عدالت میں دلائل پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کرنا قابل دست اندازی جرم ہے۔

چنانچہ سماعت کے دوران دلائل اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ امان اللہ بھٹی نے دوسری شادی سے قبل پہلی بیوی سے اجازت نہ لینے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم راشد کو 2 سال قید اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں