پی ایس ایل7: قلندرز نے یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی

اپ ڈیٹ 05 فروری 2022
لاہور قلندرز نے آخری اوور میں میچ 8 رنز سے جیت لیا— فوٹو: اے ایف پی
لاہور قلندرز نے آخری اوور میں میچ 8 رنز سے جیت لیا— فوٹو: اے ایف پی
شاداب خان اور منرو نے بہترین شراکت قائم کی —فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
شاداب خان اور منرو نے بہترین شراکت قائم کی —فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
قلندرز نے یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا — فوٹو: اے ایف پی
قلندرز نے یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمان خان کے شان دار آخری اوور کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کے اوپنرز نے ایک مرتبہ پھر بہترین آغاز کرتے ہوئے 7 اوورز میں 83 رنز بنائے۔

عبداللہ شفیق 8ویں اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، جنہوں نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

قلندرز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کامران غلام تھے جو صرف 2 رنز بناسکے اور 86 کے مجموعے پر مبشر خان کی گیند پر منرو کو کیچ دے گئے۔

رواں سیزن میں سنچری بنانے والے فخر زمان نے 27 گیندوں کا سامنا کیا اور 38 رنز بنا کر 93 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جو قلندرز کی تیسری وکٹ تھی۔

محمد حفیظ 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو قلندرز کا اسکور 97 رنز پر پہنچا تھا اور قلندرز کی 4 اہم وکٹیں گر چکی تھیں۔

ایک اچھے آغاز کے بعد 100 رنز مکمل ہونے سے قبل ہی قلندرز کے 5 بلے باز آؤٹ ہوئے اور فل سالٹ 2 رنز بنا کر 98 کے اسکور پر پویلین سدھار گئے۔

اس موقع پر ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزے نے ٹیم کو سنبھالا اور اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 149 رنز تک پہنچایا۔

ویزے 20 رنز بنا کر وقاص مقصود کی گیند پر وکٹ کیپر اعظم خان کا کیچ بنے۔

ہیری بروک 26 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیل کر آخری اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے۔

راشد خان نے دوسرے اینڈ سے آؤٹ ہوئے بغیر 15 رنز بنائے۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حارث رؤف صفر پر وقاص مقصود کی آخری وکٹ بن گئے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 174 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان اور وقاص مقصود نے4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔

یونائیٹڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلی وکٹ 16 رنز پر گری، جب الیکس ہیلز 11 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے کر آؤٹ ہوئے۔

پال اسٹرلنگ بھی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے اور 10 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بنا کر 37 کے اسکور پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

کولن منرو اور شاداب خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی اور اس دوران منرو نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

شاداب خان 32 گیندوں پر 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کے بعد 16ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔

کولن منرو نے 60 رنز کی اننگز کھیلی اور جب انہیں حارث رؤف نے آؤٹ کیا تو یونائیٹڈ کا اسکور 17ویں اوور میں 140 رنز تھا۔

قلندرز کے زمان خان نے آخری اوور میں آصف علی اور اعظم خان کو کھل کر کھیلنے کا موقع ہی نہیں دیا اور صرف 3 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کرکے یونائیٹڈ کو 166 رنز تک محدود کردیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 166 رنز بنائے اور میچ میں 8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قلندرز کے زمان خان نے آخری اوور میں میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور 3 رنز دے کر آصف علی جیسے جارح مزاج بلے باز کی وکٹ حاصل کرکے ٹیم کو شان دار فتح دلائی۔

زمان خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروکس، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف، زمان خان

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، پال اسٹرلنگ، کولن منرو، اعظم خان، مبشر خان، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی، وقاص مقصود

تبصرے (0) بند ہیں