اوپو رینو 7 سیریز عالمی سطح پر متعارف

06 فروری 2022
رینو 7 سیریز — فوٹو بشکریہ اوپو
رینو 7 سیریز — فوٹو بشکریہ اوپو

اوپو نے رینو 7 سیریز کے فونز نومبر 2021 میں چین میں متعارف کرائے تھے اور اب ان عالمی سطح پر پیش کردیا گیا ہے ۔

رینو 7 سیریز کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا سلسلہ بھارت سے شروع ہوا جہاں رینو 7 اور رینو 7 پرو کو پیش کیا گیا۔

دونوں فونز میں 5 جی سپورٹ موجود ہے مگر رینو 7 پرو سب سے بہترین ڈیوائس ہے جس میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 1200 میکس پراسیسر موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ اوپو
فوٹو بشکریہ اوپو

رینو 7 پرو میں 6.55 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 180 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہے اور سونی آئی ایم ایکس 709 سنسر پر مشتمل 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جبکہ 2 میگا پکسل میکرو اور ایک الٹرا وائیڈ کیمرا دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ اوپو
فوٹو بشکریہ اوپو

اوپو رینو 7 پرو میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 65 واٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے جبکہ اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کلر او ایس 12 سے کیا گیا ہے۔

یہ فون 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا جبکہ ورچوئل ریم کا فیچر بھی اس کا حصہ ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ریم گنجائش میں مزید 7 جی بی کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب اوہو رینو 7 کافی حد تک پرو ماڈل جیسا ہی ہے جس میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 900 پراسیسر دیا گیا ہے۔

فون میں 6.4 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج موجود ہوگی۔

فوٹو بشکریہ اوپو
فوٹو بشکریہ اوپو

فون کے بیک پر 64 میگا پکسل مین کیمرا، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ ہے جبکہ فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔

4500 ایم اے ایچ بیٹری 65 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ موجود ہے۔

اوپو رینو 7 کی قیمت 390 ڈالرز (68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ اوپو رینو 7 پرو کی قیمت 535 ڈالرز (93 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

بھارت کے بعد توقع ہے کہ اس فون سیریز کو جلد پاکستان میں بھی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں