مسلم لیگ (ق) کی ایک بار پھر حکومت کو حمایت کی یقین دہانی

اپ ڈیٹ 07 فروری 2022
پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف کوئی عدم اعتماد  تحریک آتے ہوئے نہیں دیکھ رہے ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف کوئی عدم اعتماد تحریک آتے ہوئے نہیں دیکھ رہے ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ق) نے مرکز اور پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا ہے، اس دوران اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے عدم اعتماد تحریک کا بھی امکان ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ایم ایل (ق) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ’عمران خان ایک ایماندار شخص ہیں اور وہ ملک و قوم کی خدمت کے لیے ان کے ارادے نیک ہیں‘۔

انہوں نےیہ بات اپنے آبائی علاقے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہی، جو حال ہی مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار کر کے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرنے والے مقامی تاجر الحاج امجد فاروق کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر کو عہدے سے ہٹانے میں پی ایم ایل (ق) کی حمایت کے عوض مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کی پیش کش سے متعلق ڈان کے سوال پر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی کوئی تحریک آتے ہوئے نہیں دیکھ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت پنجاب ہمیں نظر انداز کر رہی ہے، مسلم لیگ (ق)

یاد رہے پی ایم ایل (ق) کے 10 اراکین پنجاب اسمبلی اور 5 قومی اسمبلی میں موجود ہیں، عثمان بزدار پی ایم ایل (ق) کے 3 ووٹوں اور چند آزاد اراکین اسمبلی کی حمایت سے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے کیوں کہ پی ٹی آئی پنجاب میں جیتنے والی جماعتوں میں دوسرے نمبر پر تھی۔

پرویز الٰہی کے اعلان سے فی الحال پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا منظر نامہ دھندلا گیا ہے۔

پی ایم ایل (ق) کی پی ٹی آئی کے لیے حمایت پر ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، بطور اتحادی ہمیں ہر مرحلے میں ان کے ساتھ رہنا چاہیے، دراصل پی ٹی آئی کے پاس حکومت چلانے کا تجربہ نہیں ہے لیکن پاکستان کی بہتری کے لیے ہم ان کی رہنمائی کریں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے 10 سالہ دورِ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ کچھ لوگ سوچتے تھے کہ آمر صدر پرویز مشرف کی روانگی کے بعد مسلم لیگ (ق) سیاسی طور پر ختم ہوجائے گی لیکن پنجاب اسمبلی موجود ان کی پارٹی کے صرف 11 رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ ان کی جدوجہد کی وجہ سے پنجاب کےمختلف علاقوں میں ریسکیو 1122 کے کم و بیش 70 اسٹیشنز قائم ہوئے ہیں، ان میں 3 سے زائد گجرات میں ہیں جبکہ نئی ایمبولینسز خریدنے کے لیے 4 ارب روپے بھی فراہم کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے پنجاب سے سینیٹ میں فتح یقینی بنانے کی ذمہ داری پرویز الٰہی کو سونپ دی

انہوں نے کہا کہ وزیر آباد کارڈیولوجی انسٹی ٹیوٹ کو بھی جلد بہتر کیا جائے گا۔

انہوں نے ضلع گجرات میں مسلم لیگ (ن) کا زوال قرار دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی، سابق وزیر چوہدری وجاہت حسین اور میاں عمران مسعود سمیت دیگر رہنما بھی تقریب موجود تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں