’عشرت: میڈ ان چائنا‘ میں مردہ عشرت کی واپسی

09 فروری 2022
فلم کو جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے—اسکرین شاٹ
فلم کو جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے—اسکرین شاٹ

آنے والی پاکستانی ایکشن کامیڈی فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں مرکزی کردار ’عشرت‘ کو مرجانے کے بعد واپس آکر حریفوں کو سبق سکھاتے دکھایا گیا ہے۔

اداکار محب مرزا کی پہلی ہدایات کردہ فلم کے مختصر دورانیے کے ٹیزر سے کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اس سے عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو نہ صرف ایکشن بلکہ سسپنس، مصالحہ اور ممکنہ طور پر آئٹم سانگ بھی دیکھنے کو ملیں گے۔

جاری کیے گئے ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ ’عشرت‘ یعنی محب مرزا کے حریف انہیں مار کر دریا میں پھینک دیتے ہیں مگر پھر وہ زندہ ہوکر واپس آتا ہے اور اپنے حریفوں کو تنگ کرتا ہے۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) کو ٹیزر میں محب مرزا کے حریف کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے محب مرزا ہدایت کاری کرنے کو تیار

ٹیزر میں صنم سعید کے کردار کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں، جنہیں عشرت کی محبت کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں آئٹم سانگ بھی ہوں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے اور فلم کی ٹیم نے بھی اس ضمن میں کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے محب مرزا ہدایت کاری جب کہ ایچ ایس وائے فلمی اداکاری کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، علاوہ ازیں مذکورہ فلم کے ذریعے سارہ لورین بھی بولی وڈ کے بعد پاکستانی فلموں میں واپسی کر رہی ہیں۔

فلم کے ٹیزر میں تصدیق کی گئی ہے کہ اس کا ٹریلر 13 فروری کو جاری کردیا گیا جائے گا، جس میں ممکنہ طور پر اس کی ریلیز کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ محب مرزا کے 2006 کے مقبول کامیڈی ڈرامے ’عشرت باجی‘ کا تسلسل ہے اور مذکورہ فلم میں جہاں وہ اداکاری کرتے دکھائی دیں گے، وہیں وہ اس کے ذریعے ہدایت کاری کی دنیا میں بھی قدم رکھیں گے۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ چین کے بجائے تھائی لینڈ میں کی گئی تھی اور گزشتہ برس شوٹنگ کے دوران کورونا کی وبا کے باعث فلم کی ٹیم وہاں پھنس بھی گئی تھی۔

فلم کی کاسٹ میں صنم سعید، سارہ لورین، شمعون عباسی، علی کاظمی، مانی، شبیر جان، نیر اعجاز، امام سید اور مصطفیٰ چوہدری شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں