روس یوکرین پر حملے کیلئے جھوٹا بہانہ بنا سکتا ہے، امریکا

اپ ڈیٹ 14 فروری 2022
روس کی جانب سے ایسے کسی بھی منصوبے کی تردید کی جارہی ہے—فوٹو:رائیٹرز
روس کی جانب سے ایسے کسی بھی منصوبے کی تردید کی جارہی ہے—فوٹو:رائیٹرز

امریکا نے نیٹو اتحادیوں کی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے اور حملے کے لیے جھوٹا بہانہ بنا سکتا ہے۔

ڈان اخبار میں خبرساں ادارے ’رائٹرز‘ کی شائع رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین کی سرحد کے قریب ایک لاکھ سے زائد فوج اکھٹی کردی ہے جو کہ بحر اوقیانوس کے فوجی اتحاد کا حصہ نہیں ہے۔

دوسری جانب اس تنازع کے خاتمے کے لیے امریکا نے سفارتی راستے کھلے رکھے ہیں جو تاحال اس بحران کو کم کرنے میں ناکام ہے اور بار بار کہہ چکا ہے کہ حملہ جلد ہوسکتا ہے۔

ادھر روس کی جانب سے ایسے کسی بھی منصوبے کی تردید کی جارہی ہے اور مغرب پر ’ہسٹیریا‘ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرین صورتحال پر بائیڈن اور پیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

پیر کو کیف اور منگل کو صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ بات چیت کے لیے ماسکو کے دورے پر آنے والے جرمن چانسلر اولاف شولز نے روس سے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا اور حملہ کرنے کی صورت میں ماسکو پر پابندیوں کا انتباہ دیا۔

ایک جرمن عہدیدار نے کہا کہ برلن کو ٹھوس نتائج کی توقع نہیں لیکن سفارت کاری اہم ہے۔

واشنگٹن میں صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ حملہ اب کسی بھی دن ہو سکتا ہے۔

جیک سلیوان نے سی این این کو بتایا کہ ہم (حملے کے) دن کی یقینی طور پر پیش گوئی نہیں کرسکتے لیکن ہم اب کچھ عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وقت آگیا ہے۔

مزید پڑھیں: یوکرین کی سرحدوں کے قریب ڈیڑھ لاکھ روسی فوجی تعینات ہیں، یورپی یونین

امریکی حکام نے کہا کہ وہ ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ امریکی انٹیلی جنس نے اشارہ دیا ہے کہ روس نے بدھ کو حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

جیک سلیوان نے کہا کہ امریکا کو جو کچھ معلوم ہوا وہ دنیا کو بتاتا رہے گا تاکہ روس کو فالس فلیگ آپریشن کرنے سے روکا جا سکے جو حملے کا بہانہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے سی بی ایس کو دیے گئے ایک علیحدہ انٹرویو میں مزید کہا کہ امریکا نیٹو کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا اور ہمارے خیال میں روس اس پیغام کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جوبائیڈن نے اتوار کو اپنے یوکرینی ہم منصب ولادی میر زیلنسکی سے بات کی اور انہوں نے روس کی فوجی تیاری کے جواب میں سفارت کاری اور ان کے عزائم کی حوصلہ شکنی جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: روس نے یوکرین پر جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے، بائیڈن

جوبائیڈن نے ولادیمیر پیوٹن کو ایک فون کال میں کہا کہ مغرب کسی بھی حملے کا فیصلہ کن جواب دے گا، اس طرح کے حملے سے روس کو نقصان پہنچے گا اور اسے تنہا کر دیا جائے گا۔

یوکرین کے وزیر دفاع اولیکسی ریزنکوف نے ٹوئٹر پر کہا کہ کیف کو اب تک 17 پروازوں میں اتحادیوں کی جانب سے تقریباً ڈیڑھ ہزار ٹن جنگی ساز و سامان موصول ہوا ہے، جس میں امریکا کی جانب سے بھیجا گیا تقریباً 180 ٹن جنگی سامان بھی شامل ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

نعمان Feb 14, 2022 02:34pm
انڈیا کے بارے میں بھی یہی رویہ اپنانا پڑے گا۔