دپیکا پڈوکون، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور دیگر فی فلم کتنا معاوضہ لیتی ہیں؟

اپ ڈیٹ 18 فروری 2022
ایک نئی رپورٹ میں اداکاراؤں کے معاوضے کے بارے میں بتایا گیا — انسٹاگرام فوٹوز
ایک نئی رپورٹ میں اداکاراؤں کے معاوضے کے بارے میں بتایا گیا — انسٹاگرام فوٹوز

بولی وڈ کو دنیا کی سب سے بڑی فلمی صنعت سمجھا جاتا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ ٹاپ اداکاراؤں کو ان کے مرد ساتھیوں کے مقابلے میں کم معاوضہ دیا جاتا ہے۔

مگر یہ حقیقت ہے کہ کسی بھی فلم کی کامیابی کے بعد اداکاراؤں کی جانب سے معاوضے کو بڑھا دیا جاتا ہے۔

پنک ولا کی ایک رپورٹ میں بولی وڈ کی ایک فلم میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مختلف ذرائع سے بات کرنے کے بعد یہ فہرست مرتب کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایک فلم کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے میں دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ سرفہرست ہیں۔

یہ دونوں ایک فلم میں کام کرنے کے لیے 15 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیتی ہیں۔

دپیکا پڈوکون نے فلم گہرائیاں اور پٹھان میں کام کرنے کے لیے 15 کروڑ معاوضہ لیا، ویسے گہرائیاں کا معاوضہ 12 کروڑ تھا مگر آن لائن ریلیز پر 15 کروڑ کردیا گیا۔

اسی طرح عالیہ بھٹ نے فلم ڈارلنگ کے لیے 15 کروڑ روپے لیے مگر سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گنگوبائی کے لیے معاوضے میں کمی کی۔

اس کے بعد دوسرے نمبر پر کترینہ کیف اور کرینہ کپور مشترکہ طور پر موجود ہیں۔

ان دونوں کو ہی فلمی صنعت میں کام کرتے ہوئے 15 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے مگر ان کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔

یہ دونوں ایک فلم میں کام کرنے کے لیے 12 کروڑ روپے لیتی ہیں۔

کترینہ کیف نے جی لے ذرا میں کام کرنے کے لیے 12 کروڑ روپے لیے ہیں جبکہ کرینہ کپور بھی ڈائریکٹر سنجے گھوش کی نئی فلم کا حصہ بننے کے لیے اتنا معاوضہ لیں گی۔

اس کے بعد انوشکا شرما اور پریانکا چوپڑا ہیں جو اب بولی وڈ میں زیادہ سرگرم تو نہیں مگر ان کا معاوضہ 8 کروڑ روپے ہے۔

سب سے زیادہ معاوضہ لینے والوں میں چوتھے نمبر پر شردھا کپور ہیں جو ایک فلم میں کام کرنے کے عوض 7 کروڑ روپے لیتی ہیں۔

اس کے بعد تاپسی پنو ہیں جن کا معاوضہ 5 کروڑ روپے ہے۔

اسی طرح ودیا بالن کئی برسوں سے ایک فلم میں کام کرنے کے عوض 4 کروڑ روپے لیتی ہیں۔

تیزی سے ابھرتی اداکارہ کیارا اڈوانی نے ایک نئی فلم جگ جگ جیو کے لیے ڈھائی کروڑ روپے معاوضہ لیا جبکہ جیکولین فرنانڈس ایک فلم کے لیے اتنا ہی معاوضہ لیتی ہیں۔

اداکارہ دیشا پٹانی کا فی فلم معاوضہ 2 کروڑ روپے ہے۔

دوسری جانب جھانوی کپور اور سارہ علی خان حقیقی زندگی کی دوست ہونے کے ساتھ فلموں میں کام کرنے کے عوض ایک جیسا ہی معاوضہ لیتی ہیں اور وہ ہے 2 کروڑ روپے۔

آخری نمبر پر اننیا پانڈے ہیں جو ایک فلم میں کام کرنے کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے لیتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کنگنا رناوٹ کا نام اس لیے فہرست کا حصہ نہیں بنا کیونکہ ان کے معاوضے کے حوالے سے کافی متضاد دعوے سامنے آئے۔

اداکارہ کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک فلم کے لیے 21 سے 25 کروڑ روپے لیتی ہیں مگر فلمی حلقوں کا اصرار تھا کہ ان کا معاوضہ 8 سے 9 کروڑ روپے ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں