• KHI: Maghrib 6:41pm Isha 7:58pm
  • LHR: Maghrib 6:15pm Isha 7:37pm
  • ISB: Maghrib 6:21pm Isha 7:46pm
  • KHI: Maghrib 6:41pm Isha 7:58pm
  • LHR: Maghrib 6:15pm Isha 7:37pm
  • ISB: Maghrib 6:21pm Isha 7:46pm

بھارتی موسیقار کا دھن چرانے کا الزام لگانے پر شجاع حیدر کے خلاف کارروائی کا عندیہ

شائع February 21, 2022
شجاع حیدر نے گزشتہ ہفتے بھارتی موسیقار پر چوری کا الزام لگایا تھا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام
شجاع حیدر نے گزشتہ ہفتے بھارتی موسیقار پر چوری کا الزام لگایا تھا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی موسیقار راشد خان نے پاکستانی گلوکار و موسیقار شجاع حیدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان پر دھن چرانے کا الزام لگانے پر معافی مانگیں، دوسری صورت میں وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

شجاح حیدر نے گزشتہ ہفتے الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی موسیقار راشد خان نے گلوکار یاسر ڈیسائی کے گانے پیا رے پیا کی دھن ان کے گانے پیرا وے پیرا سے چرائی ہے۔

شجاح حیدر کا گانا پیرا وے پیرا 2017 کے مقبول ڈرامے باغی میں شامل تھا جو کہ قندیل بلوچ کی زندگی پر بنایا گیا تھا۔

اسی گانے سے ملتی جلتی دھن پر بھارتی گلوکار یاسر ڈیسائی کا گانا پیا رے پیا 12 فروری کو جاری کیا گیا تھا، جس پر شجاع حیدر نے کہا تھا کہ بھارتی گلوکار و موسیقار نے ان کی دھن چوری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی موسیقار نے پاکستانی گانے ’پیرا وے پیرا‘ کو چراکر ’پیا رے پیا‘ بنا ڈالا

اب شجاع حیدر کے بیان پر بھارتی موسیقار راشد خان نے سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستانی گلوکار نے ان سے معافی نہیں مانگی تو وہ ان پر مقدمہ دائر کریں گے۔

ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے راشد خان نے دعویٰ کیا کہ وہ تو شجاع حیدر کو جانتے تک نہیں اور نہ ہی کبھی انہوں نے ان کا کوئی گانا سنا ہے تو وہ کیسے ان کے گانے کی دھن چوری کریں گے؟

انہوں نے دلیل دی کہ ہر گیت سات سروں اور دھنوں پر بنتا ہے اور اگر اتفاق سے ان کے گانے کی کوئی دھن شجاع حیدر کے گانے سے مل گئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہوں نے دھن چرائی؟

راشد خان نے اپنی بات کو سچ ثابت کرنے کے لیے پاکستانی اداکار عمران عباس کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ان کے دوست عمران عباس نے ان کا گانا بھی سنا ہے اور انہوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کا گانا بلکل مختلف اور منفرد ہے۔

راشد خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے گانے اور شجاع حیدر کے گانے کو دیگر چار ممالک کے موسیقار سنیں اور فیصلہ کریں، اگر ان کا گانا چرائی ہوئی دھن کا نکلا تو وہ موسیقی ہی چھوڑ دیں گے۔

بھارتی موسیقار نے اپنی کامیابیاں بھی گنوائیں اور کہا کہ انہوں نے اب تک 22 بھارتی فلموں کے گیتوں کی دھنیں تیار کی ہیں اور وہ انتہائی پیشہ ورانہ کام کرتے آئے ہیں۔

راشد خان نے دعویٰ کیا کہ ان کا گانا بلکل مختلف ہے اور شجاع حیدر کی جانب سے الزام عائد کیے جانے پر ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، اس لیے پاکستانی موسیقار ان سے معافی مانگیں۔

ساتھ ہی راشد خان نے کہا کہ اگر شجاع حیدر ان سے معافی نہیں مانگیں گے تو وہ ان پر بدنام کرنے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 10 ستمبر 2024
کارٹون : 9 ستمبر 2024