اسمارٹ فونز کی دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ موبائل ورلڈ کانگریس کا آغاز 28 فروری 2022 کو ہوگا۔

اسی روز رئیل می کی جانب سے بھی ایک ایونٹ کا انعقاد وہاں ہوگا جس میں وہ اپنے نئے فلیگ شپ فون جی ٹی 2 پرو کو عالمی مارکیٹ میں پیش کرنے کا اعلان بھی کرے گی۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے 'دنیا کی تیز ترین اسمارٹ فون چارجنگ ٹیکنالوجی' بھی متعارف کرائے جائے گی۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں اس ٹیکنالوجی کے بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

مگر اس نے پہلے بتایا تھا کہ وہ وہ اپنے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے 70 فیصد حصے کو تنوع اور چارجنگ ٹیکنالوجی پر خرچ کرے گی۔

ویسے رئیل می کی جانب سے کچھ عرصے پہلے 125 واٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا گیا تھا جو اب تک اس نے اپنے کسی فون کے ساتھ متعارف نہیں کرائی۔

مگر نئی ٹیکنالوجی کتنی تیز ہوگی اس کے لیے کچھ دن انتظار کرنا ہوگا۔

مگر کچھ افواہوں کے مطابق یہ ٹیکنالوجی 150 سے 165 واٹ تک کی چارجنگ اسپیڈ سے لیس ہوسکتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جون 2021 میں شیاؤمی نے 200 واٹ فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا تھا جس نے 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو 8 منٹ میں 100 فیصد چارج کردیا تھا۔

تو رئیل می کی جانب سے دنیا کی تیز ترین ٹیکنالوجی کا دعویٰ کیسے کیا جارہا ہے، یہ ابھی معلوم نہیں۔

ایسا ہوسکتا ہے کہ کم والٹیج استعمال کرنے کے باوجود وہ بیٹری کو اس سے بھی کم وقت میں چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

ان سب سوالات کے جواب 28 فروری کو رئیل می کے ایونٹ میں ہی مل سکیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں