• KHI: Asr 5:11pm Maghrib 7:15pm
  • LHR: Asr 4:53pm Maghrib 7:00pm
  • ISB: Asr 5:02pm Maghrib 7:10pm
  • KHI: Asr 5:11pm Maghrib 7:15pm
  • LHR: Asr 4:53pm Maghrib 7:00pm
  • ISB: Asr 5:02pm Maghrib 7:10pm

سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کے ہم شکل شخص کے چرچے

شائع February 28, 2022
عثمان فیروزی کا انداز بھی عامر لیاقت کی کاپی ہےفوٹو: انسٹاگرام
عثمان فیروزی کا انداز بھی عامر لیاقت کی کاپی ہےفوٹو: انسٹاگرام

اپنی تیسری شادی کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کے ہم شکل شخص کے انٹرنیٹ پر چرچے ہوگئے۔

عامر لیاقت کے ہم شکل شخص عثمان فیروزی نے حال ہی میں اردو پوائنٹ کو انٹرویو دیا، جس میں انہیں نہ صرف اسکالر و ٹی وی میزبان جیسے لباس میں دیکھا گیا بلکہ ان کی آواز بھی بڑی حد تک ان سے ملتی جلتی ہے۔

عثمان فیروزی نے بتایا کہ جب وہ آٹھویں کلاس میں پڑھتے تھے تب انہیں اپنے ٹیچر نے بتایا کہ وہ عامر لیاقت کے نہ صرف ہم شکل ہیں بلکہ ان کا انداز بھی ان سے ملتا ہے۔

ان کے مطابق اس وقت وہ شوق سے عامر لیاقت کا پروگرام عالم آن لائن دیکھتے تھے اور پھر آہستہ آہستہ انہوں نے اسکالر و ٹی وی میزبان کے بات کرنے کے انداز، لباس اور دیگر اسٹائل کو بھی کاپی کرنا شروع کیا۔

عثمان فیروزی کے مطابق انہیں دیکھ کر عام لوگ بھی دھوکا کھا جاتے ہیں اور انہیں عامر لیاقت سمجھ کر انہیں سلام کرنا شروع کردیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں جب عامر لیاقت نے تیسری شادی کی تو وہ ان ہی دنوں صبح سویرے بیکری سے چیزیں لینے گئے تو انہیں عامر لیاقت سمجھ کر تیسری شادی کی مبارک باد دی گئی۔

ایک سوال کے جواب میں عثمان فیروزی نے بتایا کہ ان کی تاحال ایک بھی شادی نہیں ہوئی مگر ان کے ہم شکل نے تین شادیاں کرلیں۔

انہوں نے عامر لیاقت سے التجا کی کہ وہ ان کے لیے دعا کریں کہ ان کی بھی چار چار شادیاں ہو جائیں۔

عثمان فیروزی نے یہ بھی بتایا کہ اگرچہ وہ عامر لیاقت کے ہر طرح کے اسٹائل کو اچھی طرح کاپی کرلیتے ہیں، تاہم وہ وزیر اعظم عمران خان، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت مولانا فضل الرحمٰن کی آواز کی کاپی بھی کر لیتے ہیں۔

عثمان فیروزی کا انٹرویو اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے ان پر خوب مزاحیہ تبصرے کیے اور لوگوں نے انہیں عامر لیاقت کی سستی کاپی قرار دیا۔

کئی لوگوں نے لکھا کہ عثمان فیروزی اسکالر و ٹی وی میزبان کی سستی کاپی ہیں، اگر کوئی عامر لیاقت کا آرڈر دراز پر کرے گا تو انہیں عثمان فیروزی ڈیلیور ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 27 مئی 2024
کارٹون : 26 مئی 2024