امریکی سینیٹر لنزے گراہم کا ولادیمیر پیوٹن کے قتل کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 04 مارچ 2022
لنزے گراہم  کا کہنا تھا کہ آپ اپنے ملک اور دنیا کو عظیم خدمات فراہم کر سکتے ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز
لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ آپ اپنے ملک اور دنیا کو عظیم خدمات فراہم کر سکتے ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز

سینئر امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں مطالبہ کیا کہ یوکرین پر ماسکو کے حملے کے بعد ’روس میں کوئی‘ شخص صدر ولادیمیر پیوٹن کو قتل کردے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ کے میزبان سین ہینیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سینیٹر نے کہا کہ ’یہ کس طرح ختم ہوگا؟ روس میں اس اقدام کے لیے کسی شخص کو باہر نکلنا ہوگا‘۔

بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹ میں اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ ’صرف روس کے لوگ ہی اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں‘۔

سینیٹر نے رومی حکمران جولیس سیزر کو قتل کرنے والے ایک رومی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا یہ روس میں ایک بروٹس ہے؟

مزید پڑھیں: روس نے یوکرین کے اہم شہر 'خرسون' کا کنٹرول حاصل کرلیا

سابق صدارتی امیدوار نے یہ بھی کہا کہ روسی فوج میں ’کرنل اسٹافنبرگ‘ جیسے کامیاب جرنل بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آپ اپنے ملک اور دنیا کو عظیم خدمات فراہم کر سکتے ہیں‘۔

کانگریس میں 20 سال سے زائد خدمات انجام دینے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے قریبی ساتھی رہنے والے سینیٹر نے روس ۔ یوکرین جنگ کے پہلے روز ایک قرارداد پیش کی تھی جس میں روسی صدر اور ان کے فوجی کمانڈروں کے ’جنگی جرائم‘ کے ارتکاب پر مذمت کی گئی تھی اور ان کے اس عمل کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: روس کا یوکرین پر حملہ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ، اسٹاک مارکیٹس میں مندی

یوکرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ولادیمیر پیوٹن کے حملے کے بعد سے کم از کم 350 شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور 10 لاکھ سے زیادہ ملک چھوڑ چکے ہیں۔

ماسکو کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا جبکہ اس کے برعکس وسیع شواہد موجود ہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

اختر حسین Mar 04, 2022 02:59pm
امریکی سینیٹر کے اس مطالبے کے بعد کوئی شک نہیں رہ جاتا کہ دنیا کے ہر خطے میں شدت پسند اور دہشت گردانہ سوچ رکھنے والے موجود ہیں کیا امریکی اس دہشتگردانہ سوچ کے حامل شخص کی مذمت کریں گے
ندیم احمد Mar 04, 2022 04:39pm
دنیا کے ترقی یافتہ ملک کے سینیٹر کی دماغی حالت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔