راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے پہلی اننگز 476 رنز پر ڈیکلیئر کردی

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2022
اظہر علی نے 185 رنز کی شاندار اننگز کھیلی — فوٹو: اے ایف پی
اظہر علی نے 185 رنز کی شاندار اننگز کھیلی — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں اظہر علی اور امام الحق کی شاندار سنچریوں کی مدد سے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر دوسرے روز ڈیکلیئر کردی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز کا کھیل دوبارہ شروع کیا تو اسکور ایک وکٹ پر 245 رنز تھا۔

کھیل کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، امپائرز اور ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کے عظیم لیگ اسپنر شین وارن کے انتقال پر ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی۔

شین وارن کے انتقال پر دونوں ٹیموں نے ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی — فوٹو: اے ایف پی
شین وارن کے انتقال پر دونوں ٹیموں نے ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی — فوٹو: اے ایف پی

ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے لیگ اسپنر شین وارن کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

پہلے دن اپنی سنچری مکمل کرنے والے امام الحق نے اظہر علی کے ساتھ مل کر اسکور مزید آگے بڑھایا اور اننگز میں اپنے 150 رنز مکمل کیے۔

دوسرے اینڈ سے اظہر علی نے بھی شاندار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے کیریئر کی 19ویں سنچری مکمل کی۔

اظہر علی نے کیریئر 19 ویں سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی
اظہر علی نے کیریئر 19 ویں سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے دوسرے روز پہلی کامیابی اس وقت حاصل کی جب 313 کے اسکور پر امام الحق 157 رنز بنا کر کپتان پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اظہر علی کا ساتھ دینے کے لیے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے سنچری شراکت کے ساتھ اسکور 414 رنز تک پہنچایا۔

بابراعظم ایک طویل اننگز کھیلنے سے قاصر رہے اور 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، وہ لبوشانے کی بہترین فیلڈنگ کے باعث رن آؤٹ ہوئے۔

اظہر علی نے 185 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے لیے انہوں نے 361 گیندوں کا سامنا کیا، ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 3 چھکے بھی شامل تھے۔

لبوشانے نے پاکستان کی جانب سے 185 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے اظہر علی کو گرین کے ہاتھوں کیچ کروایا۔

محمد رضوان اور افتخار احمد نے پانچویں وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے اور مزید وکٹ گرنے نہیں دی، اس دوران محمد رضوان نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

پاکستان کا اسکور 4 وکٹوں پر 476 رنز پر پہنچا تھا کہ کپتان بابراعظم نے کریز پر موجود بلے بازوں کو واپس بلاتے ہوئے اننگز ڈیکلیئر کردی۔

محمد رضوان 29 اور افتخار احمد 13 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، ناتھن لائن اور لبوشانے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر اننگز کا آغاز کرنے میدان میں آئے اور جب خراب روشنی کے باعث دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو دونوں اوپر بالترتیب 5 رنز اور صفر پر کھیل رہے تھے۔

پاکستان نے گزشتہ روز امام الحق کی سنچری اور اظہرعلی کی نصف سنچری کی بدولت ایک وکٹ پر 245 رنز بنائے تھے۔

پہلے روز آؤٹ ہونے والے بلے باز عبداللہ شفیق نے 44 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ

آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشانے، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ

تبصرے (0) بند ہیں