عمران خان کے ساتھ جو بھی ہو رہا ہے وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں، مریم نواز

اپ ڈیٹ 07 مارچ 2022
مریم نواز نے حکومت حکومت پر تنقید کی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے حکومت حکومت پر تنقید کی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کے خلاف اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی جانب سے ہونے والی پیش رفت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جو بھی ہو رہا ہے وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے کہا کہ ‘کل کیا ہو گا یہ صرف اللّہ تعالی کی ذات جانتی ہے مگر عمران خان کے ساتھ جو بھی ہو رہا ہے وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر اراکین پنجاب اسمبلی کی اہم ملاقات، علیم خان بھی موجود

انہوں نے کہا کہ ‘کرسی اور طاقت کا غلط استعمال اور اس کو دائمی سمجھ لینے والے کا انجام ایسا ہی ہوتا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں اور حکومت بھی آنی جانی شے ہے مگر تکبر اور ظلم انسان کے آگے آتا ہے’۔

مریم نواز نے ٹوئٹس کی سیریز میں بتایا کہ ‘نواز شریف صاحب پر یہ ان کی ذاتی و سیاسی زندگی کا شاید مشکل ترین وقت تھا مگر بدترین حالات کے باوجود ان کا کوئی ساتھی انہیں چھوڑ کر نہیں گیا کیونکہ انہوں نے ہر کسی کو عزت دی’۔

انہوں نے نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ‘اپنے مخالف اور دشمن کو بھی، صبر اور تہذیب کا دامن نہیں چھوڑا، طاقت کا رعب نہیں جمایا، دھمکیاں نہیں دیں، تمسخر نہیں اڑایا، کرسی جاتی دیکھ کر میں چھوڑوں گا نہیں جیسی بازاری زبان استعمال نہیں کی، عمران خان کو دیکھ کر عبرت ہوتی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘تکبر اور گھمنڈ کا پہاڑ آج جب ان لوگوں کے در پر حاضری دے رہا ہے، جن سے ہاتھ ملانے کو وہ اپنی توہین سمجھتا تھا تو زندگی اور سیاست کے طالب علم سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں’۔

مزید پڑھیں: تحریک عدم اعتماد: اپوزیشن کا حکومتی اتحادیوں کو ’بڑی پیشکش‘ کرنے کا ارادہ

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ‘4 سال عوام کی طرف سے مجرمانہ بے حسی اور غفلت برتنے والے، مہنگائی اور نااہلی سے ان کی زندگیاں تباہ کرنے والے کو آج اچانک جلسوں میں روتا دھوتا دیکھ کر جھرجھری آتی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ریاستی طاقت استعمال کر کے دوسری جماعتوں کو توڑنے کی کوششش کرنے والے کا ایک ایک لمحہ اب اراکین کی منتیں کرنے میں صرف ہو رہا ہے اور حکومت بھی اس کی ہے’۔

مریم نواز نے کہا کہ ‘یہ سب مکافات عمل نہیں تو اور کیا ہے؟ انسان کو انسان نہ سمجھنے والے کا یہی انجام ہے! مجھ سمیت سیاست اور زندگی کے طالب علم ضرور غور کریں’۔

انہوںکہا کہ 'خان صاحب نے صرف مخالفین کو ہی نہیں بلکہ دوسرے ممالک کو بھی گالیاں اور دھمکیاں نہیں دیں، اپنی سیاسی مخالفت میں پاکستان کا نقصان کرنے کا اختیار ان کو کس نے دیا؟ ان کو کمرے میں بند کریں ورنہ بندر کے ہاتھ ماچس آ جائے تو آگ لگنے کا خطرہ ہے!'۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ حکمران جماعت پی ٹی آئی کے اراکین پنجاب اسمبلی اور جہانگیر ترین گروپ کا لاہور میں اجلاس ہو رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں