بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئے موبائل فون کی عارضی رجسٹریشن متعارف

08 مارچ 2022
اس طریقہ کار کا اطلاق صرف ایک موبائل فون سیٹ پر ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی
اس طریقہ کار کا اطلاق صرف ایک موبائل فون سیٹ پر ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور موبائل فون آپریٹر کے ساتھ مل کر سمندر پار مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کے موبائل کی عارضی رجسٹریشن کے لیے ایک نیا نظام تشکیل دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ ان سمندر پار پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کے لیے متعارف کروایا گیا ہے جو اپنا موبائل پاکستان میں نہیں رکھنا چاہتے۔

اس طریقہ کار کا اطلاق صرف ایک موبائل فون سیٹ پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک سے پاکستان آنے والے افراد کیلئے ’موبائل ٹیکس پالیسی‘ کا اعلان

اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کو پاسپورٹ نمبر، پاکستان آنے اور جانے کی متوقع تاریخ، نام پر جاری کردہ موبائل سم اور موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر فراہم کرنا ہوگا۔

یہ نیا سسٹم ایف آئی اے کے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) سے فوری توثیق کرے گا تا کہ درخواست گزار کی پاکستان آمد کی تاریخ کی تصدیق کی جاسکے۔

درخواست گزار کے قیام کا دورانیہ 120 روز سے بڑھنے پر اس سہولت کے تحت استعمال کی جانے والی آئی ایم ای آئی معطل کردی جائے گی اور مقامی نیٹ ورک کا استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔

اگر وہی درخواست گزار دوبارہ پاکستان کا دورہ کرتا ہے تو اسے پہلے جمع کرائی گئی دستاویز ایک بار پھر جمع کروا کر اس سہولت کے لیے دوبارہ اپلائی کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی اے کا موبائل فون رجسٹریشن نظام اسٹریٹ کرائمز روکنے میں ناکام

یہ نظام نہ صرف مختصر عرصے پر پاکستان آنے والے غیر ملکیوں اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ ملک کی مثبت تصویر بھی پیش کرے گا۔

اسی طرح اس نظام کے تحت متعارف کرائی گئی نگرانی اس بات کو یقینی بنائے گی صرف حقیقی سمندر پار پاکستانی اور غیر ملکی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں