الیکشن کمیشن کا مئی 2022 میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان

10 مارچ 2022
الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے مرحلے کے انتخابات کے حوالے سے اضلاع کی تفصیل فوری طور پر الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائے— فائل فوٹو: اے پی پی
الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے مرحلے کے انتخابات کے حوالے سے اضلاع کی تفصیل فوری طور پر الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائے— فائل فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا ہے اور صوبے میں بلدیاتی انتخابات مئی 2022 میں کروائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں اراکین الیکشن کمیشن، سیکریٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ اور الیکشن کمیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: نئی مردم شماری کے بعد بلدیاتی انتخابات کراسکتے ہیں، سندھ کا الیکشن کمیشن کو جواب

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حتمی حلقہ بندی 24مارچ 2022 کو شائع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے زیردفعہ (3)219 کے تحت چیف سیکریٹری سندھ کو مدعو کیا ہے تاکہ سندھ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تاریخ مقرر کی جائے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے تجویز پیش کی کہ سندھ میں الیکشن 2 مرحلوں میں کروائے جائیں۔

اس کے بعد الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں پہلے مرحلے کے انتخابات مئی 2022 کے آخری ہفتہ میں ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ پہلے مرحلے کے انتخابات کے حوالے سے اضلاع کی تفصیل فوری طور پر الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائے تاکہ الیکشن کمیشن بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کی بلدیاتی انتخابات کیلئے حکومت سندھ کو حتمی مہلت

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی اداروں کی مدت 30 اگست 2020 کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد 120دن کے اندر انتخابات کرانے کی ضرورت تھی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

انتخابی حلقہ بندیوںم، نئی مردم شماری سمیت مختلف وجوہ کے سبب یہ معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار رہا اور اس دوران الیکشن کمیشن کی مسلسل ہدایات کے باوجود سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات نہ کرا سکی۔

تبصرے (0) بند ہیں