• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:10pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:10pm Isha 6:35pm

اداکارہ ثنا جاوید پر مزید شخصیات کے نامناسب رویے کے الزامات

شائع March 11, 2022
ثنا جاوید نے الزامات لگانے والی شخصیات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کر رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
ثنا جاوید نے الزامات لگانے والی شخصیات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کر رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ ثنا جاوید کے خلاف مزید شوبز شخصیات سامنے آگئیں اور انہوں نے ان کے نامناسب رویے کی شکایات کیں۔

اداکارہ ثنا جاوید کے خلاف 9 اور 10 مارچ کو ماڈل منال سلیم، ماڈل فریحہ شیخ اور میک اپ آرٹسٹس اکرام گوہر اور ریان تھومس نے نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے تھے۔

اب ثنا جاوید کے خلاف میک اپ آرٹسٹ واجد خان، ماڈل ماہ نور شیخ، اداکارہ رابعہ کلثوم، فوٹوگرافر سونیا مشال اور اسٹائلسٹ آرندا طول النور نے بھی نامناسب رویے کے الزامات عائد کردیے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکاراؤں اور میک اپ آرٹسٹس کے اداکارہ ثنا جاوید پر سنگین الزامات

اسٹائلسٹ اور میک اپ آرٹسٹ واجد خان نے انسٹاگرام پوسٹ میں ثنا جاوید کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنے کام کے تجربے کو بیان کیا اور بتایا کہ کس طرح وہ ان کے ساتھ کام کرنے کے بعد ڈسٹرب رہے۔

واجد خان نے لکھا کہ عام طور پر وہ ایسی باتوں سے دور رہتے ہیں، تاہم اب جب کہ ان کے ساتھیوں نے ثنا جاوید کے رویے پر بات کی ہے تو وہ بھی اس کی تصدیق کرتے ہیں کہ اداکارہ کا رویہ دوسروں کے ساتھ مناسب نہیں ہوتا۔

واجد خان نے بتایا کہ انہوں نے مس یوئیورس کے شرکا سمیت آئیفا ایوارڈز کے علاوہ امریکا اور بھارت میں کئی شخصیات کے ساتھ کام کیا ہے، تاہم انہیں ثنا جاوید کے ساتھ کام کرنے کے دوران بدترین تجربہ ہوا۔

مزید پڑھیں: مختلف افراد کے الزامات کے جواب میں ثنا جاوید کا ردعمل سامنے آگیا

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ثنا جاوید کو اسکرین پر بہتر نظر آنے کی کچھ ٹپس بھی دیں مگر اداکارہ نے ان کے لیے افواہیں پھیلانا شروع کی کہ میک اپ آرٹسٹ ان سے جلتے ہیں اور ان کے لیے ٹھیک کام نہیں کرتے۔

رابعہ کلثوم نے بھی ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کی—اسکرین شاٹ
رابعہ کلثوم نے بھی ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کی—اسکرین شاٹ

اداکارہ رابعہ کلثوم نے واجد خان کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جب کہ انہوں نے بھی ثنا جاوید پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کردیے۔

رابعہ کلثوم نے بھی ثنا جاوید کے خلاف انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی مگر انہوں نے اس حوالے سے تفصیلی پوسٹ نہیں کی۔

ماڈل ماہ نور شیخ نے بھی ثنا جاوید کے رویے پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان پر الزامات لگائے۔

ماہ نور شیخ نے لکھا کہ ایک پروجیکٹ میں ان سمیت تین دیگر لڑکیاں ثنا جاوید کے ساتھ کام کر رہی تھیں مگر ان کے پاس ایک ہی میک اپ روم تھا اور اداکارہ نے میک اپ روم میں داخل ہوتے ہی کہا کہ باقی لڑکیوں کو نکالیں، وہ ان کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتیں۔

ماہ نور شیخ نے بھی ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے انہیں بدتمیز اور دوسروں کو کم عزت سمجھنے والی خاتون قرار دیا۔

فوٹوگرافر سونیا مشال نے بھی ثنا جاوید کے رویے پر انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں اور اداکارہ کے رویے کی شکایت کی۔

فوٹوگرافر نے اس بات پر بھی تعجب کا اظہار کیا کہ ثنا جاوید اتنے سارے لوگوں کی شکایات کو اپنے خلاف مہم قرار دے رہی ہیں۔

سونیا مشال نے بھی ثنا جاوید کے ساتھ کام کرنے کے دوران ان کے برے رویے پر بات کی اور کہا کہ وہ دوسروں کو کم اہمیت والا سمجھتی ہیں۔

اسٹائلسٹ آرندا طول النور نے بھی ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے میک اپ آرٹسٹس اور ماڈلز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

مذکورہ شخصیات سے قبل بھی ثنا جاوید کے خلاف متعدد شخصیات نے سوشل میڈیا پوسٹس میں اداکارہ پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

شخصیات کی جانب سے خود پر الزامات لگائے جانے کے بعد ثنا جاوید نے تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ماڈل منال سلیم، میک اپ آرٹسٹ عمر وقار اور اسٹائلسٹ علینا مرتضیٰ کو قانونی نوٹسز بھی بھجوادیے۔

تبصرے (2) بند ہیں

Nadeem Mar 11, 2022 10:42pm
Soon she will be out of the industry
M. Saeed Mar 12, 2022 03:57pm
Badnam jo hongay to kya naam na hoga?

کارٹون

کارٹون : 7 نومبر 2024
کارٹون : 6 نومبر 2024