عمیر وقار نے اداکارہ ثنا جاوید کے نوٹس کا جواب دے دیا

عمیر وقار کے مطابق انہوں نے ثنا جاوید کا نام نہیں لیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
عمیر وقار کے مطابق انہوں نے ثنا جاوید کا نام نہیں لیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے اداکارہ ثنا جاوید کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ کے الزامات کو مسترد کردیا۔

ثنا جاوید نے کچھ دن قبل عمیر وقار کو قانونی نوٹس بھیجا تھا کہ وہ وضاحت کریں کہ انہوں نے اداکارہ کے خلاف الزامات کیوں لگائے۔

ثنا جاوید نے عمیر وقار کو قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی تھی، جس پر اب میک اپ آرٹسٹ نے اداکارہ کو جواب دے دیا۔

عمیر وقار نے انسٹاگرام پر اداکارہ کو اپنے وکلا کے ذریعے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کی تصویر شیئر کی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے ثنا جاوید کا نام نہیں لیا بلکہ انہوں نے ماڈل منال سلیم کی جانب سے شیئر کی گئی اسٹوری کو شیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکاراؤں اور میک اپ آرٹسٹس کے اداکارہ ثنا جاوید پر سنگین الزامات

عمیر وقار کے نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ثنا جاوید کی جانب سے کیے گئے دعووں میں کوئی سچائی نہیں، میک اپ آرٹسٹ نے اداکارہ کا نام نہیں لیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ثنا جاوید کے خلاف کچھ دن سے سوشل میڈیا پر کئی طرح کے الزامات لگائے جا رہے ہیں مگر عمیر وقار نے اداکارہ کا نام نہیں لیا اور ان پر یہ الزام غلط ہے کہ انہوں نے اداکارہ کے خلاف اسٹوری شیئر کی۔

عمیر وقار کے نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے صرف ساتھی ماڈل منال سلیم کی جانب سے شیئر کی گئی اسٹوری کو آگے بڑھایا اور اس اسٹوری میں ثنا جاوید کا نام تھا ہی نہیں۔

ماڈل منال سلیم نے ابتدائی طور پر 9 مارچ کو ثنا جاوید کا نام لیے بغیر ان کے خلاف ایک اسٹوری شیئر کی تھی۔

منال سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں برانڈز کو التجا کی تھی کہ انہیں اب کسی اداکارہ کے ہمراہ کام کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، کیوں کہ بعض اداکارائیں ماڈلز کو دو ٹکی کی سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اداکاراؤں میں صرف خود کو ہی بہتر سمجھنے کی ضد ہوتی ہے، اس لیے وہ آئندہ کسی بھی اداکارہ کے ہمراہ کام نہیں کریں گی۔

مزید پڑھیں: الزامات لگانے پر ثنا جاوید نے عمیر وقار سمیت دیگر افراد کو نوٹسز بھجوا دیے

ان کی جانب سے اسٹوری شیئر کیے جانے کے بعد میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے بھی ان کی اسٹوری کو شیئر کیا تھا، تاہم انہوں نے بھی اداکارہ کا نام نہیں لکھا تھا۔

منال سلیم کی اسٹوری کو میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر نے بھی شیئر کیا تھا، جنہوں نے لکھا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اداکارہ ثنا جاوید کی بات کر رہی ہیں۔

اس کے بعد دیگر میک اپ آرٹسٹس، اسٹائلسٹس، ماڈلز اور نئی اداکاراؤں نے بھی ثنا جاوید کے خلاف الزامات لگاتے ہوئے ان پر نامناسب رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

جہاں شخصیات نے ثنا جاوید پر الزامات لگائے تھے، وہیں متعدد افراد نے ثنا جاوید کی حمایت بھی کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اداکارہ کو کافی عرصے سے جانتے ہیں اور اداکارہ نے کبھی ان کے ساتھ برا رویہ اختیار نہیں کیا۔

لوگوں کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد ہی ثنا جاوید نے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عمیر وقار، ماڈل منال سلیم اور اسٹائلسٹ علینا مرتضیٰ کو قانونی نوٹسز بھجوائے تھے، جن میں سے اب عمیر وقار نے انہیں جواب دے دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں