معروف برانڈ نے ثنا جاوید کو تشہیری مہم سے الگ کردیا

اداکارہ نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو مہم قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو مہم قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام

مختلف ماڈلز، میک اپ آرٹسٹس، اسٹائلسٹس اور نئی اداکاراؤں کی جانب سے اداکارہ ثنا جاوید پر نامناسب رویے کے الزامات لگائے جانے کے بعد معروف کلاتھنگ برانڈ ’رنگ رسیا‘ نے اداکارہ کو اپنی تشہیری مہم سے الگ کردیا۔

’رنگ رسیا‘ نے 15 مارچ کو انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ثنا جاوید پر حالیہ دنوں میں لگائے گئے نامناسب رویے کے الزامات پر برانڈ کو سخت تشویش ہے۔

برانڈ کے مطابق مختلف افراد کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کے پیش نظر کمپنی نے ثنا جاوید کو اپنی تشہیری مہم سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ ’رنگ رسیا‘ کی عید کلیکشن کے لیے حال ہی میں منال سلیم اور ثنا جاوید کے ساتھ تشہیری مہم شروع کی گئی تھی اور متعدد فوٹوشوٹس بھی کروائے گئے تھے مگر اب وہ تشہیری مہم کا دوبارہ فوٹوشوٹ کروائیں گے۔

کمپنی نے تصدیق کی کہ وہ اب نئے چہرے کے ساتھ عید کلیکشن کی تشہیری مہم شوٹ کرے گی۔

رنگ رسیا نے انسٹاگرام اسٹوری میں ثنا جاوید کو مہم سے الگ کرنے کی تصدیق کی—اسکرین شاٹ
رنگ رسیا نے انسٹاگرام اسٹوری میں ثنا جاوید کو مہم سے الگ کرنے کی تصدیق کی—اسکرین شاٹ

’رنگ رسیا‘ نے فیشن انڈسٹری سے وابستہ دیگر برانڈز کو بھی مذکورہ مسئلے جیسے دیگر معاملات سامنے آنے پر خبردار کیا اور کہا کہ برانڈز احتیاط کے ساتھ کام لیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکاراؤں اور میک اپ آرٹسٹس کے اداکارہ ثنا جاوید پر سنگین الزامات

’رنگ رسیا‘ نے اپنے پیغام میں ثنا جاوید پر لگائے گئے الزامات کو درست یا غلط قرار نہیں دیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات کی، تاہم بتایا کہ اداکارہ پر لگائے گئے الزامات کے بعد انہیں تشہیری مہم سے ہٹایا جایا رہا ہے۔

’رنگ رسیا‘ کی مہم کے دوران ہی ثنا جاوید نے مبینہ طور پر منال سلیم کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔

ماڈل منال سلیم نے ابتدائی طور پر 9 مارچ کو ثنا جاوید کا نام لیے بغیر ان کے خلاف ایک اسٹوری شیئر کی تھی۔

منال سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں برانڈز کو التجا کی تھی کہ انہیں اب کسی اداکارہ کے ہمراہ کام کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، کیوں کہ بعض اداکارائیں ماڈلز کو دو ٹکی کی سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اداکاراؤں میں صرف خود کو ہی بہتر سمجھنے کی ضد ہوتی ہے، اس لیے وہ آئندہ کسی بھی اداکارہ کے ہمراہ کام نہیں کریں گی۔

ان کی جانب سے اسٹوری شیئر کیے جانے کے بعد میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے بھی ان کی اسٹوری کو شیئر کیا تھا، تاہم انہوں نے بھی اداکارہ کا نام نہیں لکھا تھا۔

منال سلیم کی اسٹوری کو میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر نے بھی شیئر کیا تھا، جنہوں نے لکھا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اداکارہ ثنا جاوید کی بات کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ثنا جاوید کا الزام لگانے والی شخصیات کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

اس کے بعد دیگر میک اپ آرٹسٹس، اسٹائلسٹس، ماڈلز اور نئی اداکاراؤں نے بھی ثنا جاوید کے خلاف الزامات لگاتے ہوئے ان پر نامناسب رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

جہاں شخصیات نے ثنا جاوید پر الزامات لگائے تھے، وہیں متعدد افراد نے ثنا جاوید کی حمایت بھی کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اداکارہ کو کافی عرصے سے جانتے ہیں اور اداکارہ نے کبھی ان کے ساتھ برا رویہ اختیار نہیں کیا۔

لوگوں کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد ہی ثنا جاوید نے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عمیر وقار، ماڈل منال سلیم اور اسٹائلسٹ علینا مرتضیٰ کو قانونی نوٹسز بھجوائے تھے۔

ثنا جاوید کے نوٹسز پر عمیر وقار اور علینا مرتضیٰ نے انہیں جوابات دیتے ہوئے ان کے الزامات کو مسترد کیا تھا کہ انہوں نے اداکارہ کا نام لے کر ان پر تنقید کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں