تحریک عدم اعتماد سے پی ٹی آئی پر عوام کا اعتماد بڑھا، وزیراعظم

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2022
وزیراعظم نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے پاکستان کےعوام کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر اعتماد بڑھا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے پاکستان کےعوام کا پی ٹی آئی پر اعتماد بڑھا ہے، عوام کی نظر میں گورننس اور پرفارمنس کے معاملات کےحوالے سے عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کا جو امیج متاثر ہوا تھا وہ تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے بڑی تیزی سےاوپر گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، وہ ہرگز بلیک میل نہیں ہوں گے اور تحریک عدم اعتماد کا ہر صورت مقابلہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کا انتہائی اہم اجلاس تحریک عدم اعتماد پیش ہوئے بغیر ملتوی

ملاقات میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور پرویز خٹک بھی موجود تھے، انہوں نے وزرا کی موجودگی میں حوصلہ افزا بیانات بھی دیے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے 27 تاریخ کے جلسے میں لاکھوں لوگ اکٹھے کرنے کی امید بھی ظاہر کی جو اس بات کا ثبوت ہوگا کہ پاکستان کے عوام کا وزیراعظم پر اعتماد اب بھی برقرار ہے۔

دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اپنے تمام کارڈز ظاہر کر دیے ہیں لیکن ہم جلد ہی اس سے بہت بڑا سرپرائز دینے والے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے اور27 مارچ کا جلسہ تاریخی ہو گا۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا جاری، وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل

وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مخالفین کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ تحریک عدم اعتماد کے خوف سے گھر بیٹھ جاؤں گا، اپوزیشن کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا اور مخالفین کے دباؤ پر کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا رکھی ہے۔

تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد آج ہونے والا قومی اسمبلی کا اہم اجلاس معمول کی کارروائی کے بغیر پیر تک ملتوی کردیا گیا۔

اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں کافی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تند و تیز سیاسی بیانات دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہر ایک فریق تحریک عدم اعتماد کی کارروائی میں کامیابی کے دعوے کرتا نظر آرہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں