کافی پینے کی عادت دل کی صحت کے لیے فائدہ مند

28 مارچ 2022
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

کافی پینے کی عادت دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مفید ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

میلبورن یونیورسٹی اور موناش یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے سے امراض قلب، ہارٹ فیلیئر یا دل کے ردھم کے مسائل سمیت کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ 15 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

یہ بنیادی طور پر 3 تحقیقی رپورٹس کے نتائج ہیں جس کے لیے محققین نے یوکے بائیو بینک کے ڈیٹا کو استعمال کیا۔

اس ڈیٹا میں 5 لاکھ سے زیادہ افراد کی صحت کا جائزہ کم از کم 10 سال تک لیا گیا تھا۔

ان افراد نے جب تحقیق میں شمولیت اختیار کی تھی تو ان کے کافی پینے کی مقدار کو بھی جانا گیا تھا۔

اب نئی تحقیق میں کافی پینے کی عادت اور دل کے مختلف امراض کے خطرے میں اضافے یا کمی کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔

پہلی تحقیق میں 3 لاکھ 82 ہزار سے زیادہ افراد پر توجہ مرکوز کی گئی تھی جو امراض قلب کا شکار نہیں تھے اور ان کی اوسط عمر 57 سال تھی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے کے عادی ہوتے ہیں ان میں بعد کی زندگی میں امراض قلب میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق جو افراد دن بھر میں صرف ایک کپ کافی بھی پی لیتے ہیں ان میں بھی فالج یا دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

دوسری تحقیق میں مختلف اقسام کی کافی سے صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کسی بھی قسم کی کافی کے روزانہ 2 سے 3 کپ پینے سے امراض قلب کا امکان کم ہوتا ہے۔

تیسری تحقیق میں ایسے افراد کو شامل کیا گیا جو پہلے ہی دھڑکن کی بے ترتیبی یا کسی اور دل کی بیماری سے متاثر تھے۔

اس تحقیق کے نتائج میں دریافت کیا گیا کہ کافی کے استعمال سے دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کا خطرہ پیدا نہیں ہوتا بلکہ ایسے مریضوں کا روزانہ ایک کپ کافی پینا قبل از وقت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

تینوں تحقیقی رپورٹس کے نتائج اپریل کے آغاز میں امریکن کالج آف کارڈیالوجی کے 71 ویں سائنٹیفک سیشن کے دوران پیش کیے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں