’سیکیورٹی اداروں کی رپورٹ میں وزیراعظم پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ سامنے آیا ہے‘

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2022
وزیراعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے— تصویر: فیس بک
وزیراعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے— تصویر: فیس بک

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سیکیورٹی ایجنسیوں کی رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’ان رپورٹس کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کو 'قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے'، فیصل واڈا کا دعویٰ

خیال رہے کہ 2 روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واڈا نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ملک بیچنے سے انکار پر انہیں قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے یہ دعویٰ نجی ٹی وی ’اے آر وائی نیوز‘ کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں ’دھمکی آمیز خط‘ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کیا تھا۔

قبل ازیں وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران دھمکی آمیز مراسلے کے بارے میں کہا تھا کہ اس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر عمران خان وزیر اعظم رہے تو 'خوف ناک نتائج' ہوں گے۔

یہ انکشاف وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے ایک روز بعد آیا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خلاف اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی سازش کی جارہی ہے، ساتھ ہی اسے ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اتوار کو عدم اعتماد پر جو بھی فیصلہ ہوگا مزید تگڑا ہو کر سامنے آؤں گا، وزیر اعظم

قوم سے خطاب کے دوران بظاہر زبان پھسلنے کی صورت میں وزیر اعظم نے امریکا کا نام مبینہ طور پر اس خط کے پسِ پردہ ملک کے طور پر لیا لیکن پھر جلدی سے خود کو درست کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی اور ملک ہے امریکا نہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 'یہ موجودہ میر جعفر اور میر صادق ہیں جو باہر کی قوتوں کے ساتھ مل کر اندر وہ تبدیلی لے کر آرہے ہیں جو قوم کبھی نہیں بھولے گی، آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی'۔

انہوں نے کہا کہ 'اگر آپ کا یہ خیال ہے کہ یہ سازش کو کامیاب ہونے دیں گے تو میں اس سازش کے سامنے کھڑا ہوں گا، میرا قوم سے یہ وعدہ ہے کہ ہمیشہ جب تک میرے میں خون ہے میں اس کا مقابلہ کروں گا'۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ 'اس اتوار کو قوم سے جو غداری ہونے جارہی ہے، میں چاہتا ہوں کہ ایک ایک غدار کی شکل یاد رکھنا، یہ جتنا بھی اپنے لوگوں کو بتانے کی کوشش کریں گے کہ ایک دم پتا چلا کہ کتنا برا وقت چل رہا تھا تو لوگ یقین نہیں کریں گے'۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ 'اگر کسی کا خیال ہے کہ عمران خان چپ کر کے بیٹھ جائے گا تو کسی خوش فہمی میں نہ رہے، مجھ میں اللہ نے مقابلے کی صلاحیت دی ہے، ساری زندگی میں نے مقابلہ کیا ہے، میں کسی صورت اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دوں گا'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں