تین کا ٹولہ کرسی کی لالچ اور نیب کیسز کے خوف میں مبتلا ہے، شاہ محمود قریشی

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2022
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کل رات پارلیمانی پارٹیز کو بلایا تھا انہیں عشائیہ دیا — فوٹو: ڈان نیوز
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کل رات پارلیمانی پارٹیز کو بلایا تھا انہیں عشائیہ دیا — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن، نیب کیسز کے خوف میں اور کرسی کی لالچ میں مبتلا ہے اس لیے عمران خان کے خلاف سازش کر رہی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پارلیمنٹ کی راہداری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ اگر پاکستان کے خلاف سازش ہورہی ہے اور پاکستان کے اندرونی مسائل میں مداخلت ہو رہی ہے تو کیا پاکستان کا آئین اس چیز کی اجازت دیتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ اگر نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا پلیٹ فارم فیصلہ دیتا کہ ہمیں اس مداخلت کے خلاف سیاسی پالیسی بنانی چاہیے اور دفتر خارجہ کو ہدایت کرتا ہے اور امریکی ناظم الامور کو بلا کر ہم سیاسی پالیسی بناتے ہیں تو اپوزیشن کو سازشی ٹولہ یہ بتائے کہ اس کی گنجائش آئین میں ہے۔

مزید پڑھیں: میں یہاں الیکشن جیتنے نہیں، لوگوں کو جگانے آیا ہوں، شاہ محمود قریشی

انہوں نے کہا کہ کیا اس وقت ملک کی ایک منتخب حکومت کو ہٹانا پاکستان کے مفاد میں ہے، جب ایک طرف بھارت میزائل داغ رہا ہے، افغانستان کے حالات اتنے سنگین ہیں اور تیل، گندم کی قیمتوں آسمانوں سے بات کر رہی ہیں، کیا یہ جمہوریت ہے کہ پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگا دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کرسی کی لالچ اور اپنے نیب کیسز کے خوف میں مبتلا ہوکر عمران خان کے خلاف سازش کر رہے ہیں، کیا یہ میثاقِ جمہوریت کی پاسداری ہے، کیا ان کا منشور ملتا ہے، کیا ان کی منزل ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا نظام کے خلاف سازش پاکستان کی عوام برداشت کر پائے گی، میں کہتا ہوں کہ قوم خاموش نہیں رہے گی، آپ نے دیکھا کہ 27 مارچ کو لوگ ان کے خلاف نکلے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی نئے صوبے کے معاملے پر اپوزیشن کو مشاورت کی دعوت

شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کے کارکنان سے درخواست کی کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، کسی پر ہاتھ نہ اٹھائیں یہ ہماری پالیسی ہے، ہم نے اپنے نظریےکا دفاع کرنا ہے، پاکستان کے مفاد کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان کی عظمت کے لیے آواز اٹھانی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کل رات پارلیمانی پارٹیز کو بلایا تھا انہیں عشائیہ دیا اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

شیروانی سلوانے والوں کو پاجامے نہیں مل رہے، فواد چوہدری

پارلمنٹ کی راہداری میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 2 بجے تک پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ بن جائیں گے۔

حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا یہ مسلم لیگ (ن) کا مذاق ہے، مجھے ان سے ہمدری ہے، باپ کا کہتا ہے کہ مجھے وزیر اعظم بننا ہے اور بیٹا وزیر اعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان ہے، یہاں ایسا نہیں ہوسکتا، یہ اپنے آپ کو مغلیہ خاندان سمجھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں ان لوگوں کی شکلوں سے نفرت ہے۔

شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کئی لوگ ایسے ہیں جنہوں نے شیروانی سلوائی ہیں اور انہیں پاجامے نہیں مل رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں