تھوڑا سا وزن بڑھا تو لوگوں نے دعویٰ کیا کہ حاملہ ہوں، نرگس فخری

08 اپريل 2022
نرگس فخری نے اب تک ڈیڑھ درجن فلموں میں کام کیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
نرگس فخری نے اب تک ڈیڑھ درجن فلموں میں کام کیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی والد کی بیٹی امریکی نژاد بولی وڈ اداکارہ نرگس فخری نے کہا ہے کہ ماضی میں جب وہ بہت ہی دبلی پتلی تھیں تو لوگوں نے انہیں وزن بڑھانے کے مشورے دیے اور جب ان کا تھوڑا سا وزن بڑھا تو لوگوں نے دعویٰ کیا کہ وہ حاملہ ہیں۔

پاکستانی والد کے ہاں امریکا میں پیدا ہونے اور وہیں پڑھنے اور بڑی ہونے والی نرگس فخری نے 16 سال کی عمر میں بطور ماڈل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 2011 میں انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کا رخ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نرگس فخری کا 'اشتہار چھپ کر دیکھنے کی ضرورت نہیں'

نرگس فخری نے ’راک اسٹار‘ سے کیریئر کا آغاز کیا اور مشکل سے اب تک انہوں نے ڈیڑھ درجن کے قریب ہی فلموں میں کام کیا ہے، تاہم وہ اپنی خوبصورتی اور بولڈ اداؤں کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔

اگرچہ نرگس فخری چند سال سے شوبز انڈسٹری سے دور ہیں، تاہم حال ہی میں انہیں بولی وڈ حلقوں میں دیکھا گیا، جس کے بعد اب ممکنہ طور پر جلد ہی وہ فلموں میں دکھائی دیں گی۔

نرگس فخری نے بولی وڈ میں مصروفیات کا آغاز کرتے ہی ’ہندوستان ٹائمز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت میں لوگ کسی کی ذاتی زندگی کا خیال کیے بغیر اپنی مرضی کی باتیں اور افواہیں پھیلاتے رہتے ہیں۔

کشمیری نژاد امریکی کاروباری شخص سے تعلقات کے پوچھے گئے سوال کے جواب میں نرگس فخری نے کہا کہ ان کے رومانس سے متعلق چہ مگوئیاں بھی لوگوں نے خود ہی پھیلائی ہیں اور انہیں ایسی افواہوں سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔

اداکارہ کے مطابق بھارت میں لوگ کسی طرح بھی دوسرے کی زندگی سے خوش نہیں ہوتے، ان سے متعلق باتیں کرتے رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: متنازع اشتہار پر نرگس فخری کا جواب آگیا

انہوں نے مثال دی کہ جب وہ فلم انڈسٹری میں آئیں تو بہت دبلی اور پتلی تھیں اور ان کی رنگت بھی گوری تھی تو لوگوں نے ان کے کم وزن ہونے کی باتیں کیں لیکن جب انہوں نے تھوڑا سا وزن بڑھایا تو ان کے حاملہ ہونے کی افواہیں پھیلائی گئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں متعدد بار جسامت سے متعلق تنقید برداشت کی مگر اب انہیں ایسی باتوں پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ماضی میں نرگس فخری کی جانب سے بولی وڈ سے دوری اختیار کرنے اور ان کی جانب سے امریکا منتقل ہونے کے بعد ان کی شادی اور ان کے حاملہ ہونے سے متعلق افواہیں پھیلائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: امتیاز علی نے ’راک اسٹار‘ میں کاسٹ کرکے میری زندگی بچائی، نرگس

نرگس فخری نے 2016 کے بعد بولی وڈ سے وقفہ لیا تھا اور 2019 میں وہ تین سال بعد چند فلموں میں دکھائی دی تھیں، جس کے بعد ایک بار پھر وہ فلموں سے دور ہوئیں۔

اسی دوران ان کی فلم ساز ادے چوپڑا سے ممکنہ شادی اور پھر ان کے وزن بڑھنے کے بعد ان کے حاملہ ہونے کی خبریں بھی پھیلائی گئیں، تاہم ایسی خبروں میں کوئی سچائی نہیں نکلی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں